0
Monday 12 Aug 2013 12:14

بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کے سیکٹروں پر بلااشتعال فائرنگ

بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کے سیکٹروں پر بلااشتعال فائرنگ
اسلام ٹائمز۔ ایک طرف بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف مذموم پراپیگنڈے میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی فوج بار بار کنٹرول لائن پر جارحیت کی مرتکب ہو رہی ہے، بھارتی فوج نے ایک بار پھر اتوار اور پیر کی درمیانی شب آزاد کشمیر کے تینوں سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہری شہید ہو گیا جبکہ ایک خاتون کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ فائرنگ کے باعث سرحدی علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق بھارتی فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈی جی رینجرز اور بی ایس ایف کے کمانڈر میں ہاٹ لائن پر رابطہ بھی ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے لاہور اور سیالکوٹ سیکٹر میں پاک رینجرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے راولا کوٹ، بٹل، مدار، ڈونگا، بجوات، گھمیر اور کوٹلی سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ پاک فوج نے جب منہ توڑ جواب دیا تو بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ فائرنگ کے باعث سرحدی علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ فاضلکا سیکٹر میں رینجرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ چند روز کے دوران بھارت کی جانب سے جارحیت کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ دفتر خارجہ نے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کنٹرول لائن پر سیز فائر قائم رکھنا دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے۔ دونوں ممالک کو تناؤ کے خاتمے اور قیام امن کے لئے سیاسی اور فوجی چینلز استعمال کرنے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 291589
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش