0
Tuesday 10 Sep 2013 20:02

شام پر امریکی حملہ اسلام پر حملہ تصور کیا جائیگا، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل

شام پر امریکی حملہ اسلام پر حملہ تصور کیا جائیگا، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شام کا مسئلہ پوری دنیا بالخصوس عالم اسلام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ امریکہ، اسرائیل اور انکے عرب حواریوں کے مقابلے میں مزاحمت اسلامی کی فرنٹ لائن ہے، یہ وہ ملک ہے جس نے سالوں سے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھا ہے، حماس اور حزب اللہ جیسی اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی ہر ممکن مدد کی ہے اور اسرائیل کے مقابلے میں فلسطین اور لبنان کی حمایت میں ڈٹا رہا ہے، اس نے اسرائیل کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرنے اور فلسطینی کاز سے پیچھے ہٹنے سے انکار کیا ہے، جس کی قیمت اسے چکانا پڑ رہی ہے اور امریکہ اپنے عرب حواریوں کے ساتھ مل کر اسرائیل کو بچانے کیلئے شام کو نشانہ بنانے جا رہا ہے اور اس کیلئے عراق طرز کا حملہ کرنے کا جھوٹا بہانہ بھی تراشا جاچکا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ یہ وہ علاقہ ہے جو دمشق کے کنٹرول میں تھا اور یہاں پر باغیوں نے ایک عرب ملک کے فراہم کردہ کیمیکل استعمال کئے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ امریکی حمایت یافتہ چند خائن اور ڈکٹیٹر عرب حکمرانوں کیساتھ عرب دنیا نہیں اور پوری عالمی اسلامی دنیا شام پر حملے کو اسلام پر حملہ سمجھ رہے ہیں اور یوں امریکہ کی وہ بی ٹیم جس کو القاعدہ اور طالبان کے نام پر خود امریکہ نے تشکیل دیا تھا، شام کے محاذ پر ایک بار پھر وہی امریکی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اسرائیل سے تو جنگ نہیں کرتے ہیں اور نہ ہی خطے میں امریکی مفادات اور امریکی پٹھوؤں کو نشانہ بناتے ہیں بلکہ امریکہ اور اسرائیل کے مقابلے میں کھڑی ہونیوالی حکومت، ملک اور تنظیمیں ان کا نشانہ بنتی ہیں، شام میں خارجی گروہوں نے صحابہ کرام اور اہلِبیت علیھم السلام کے مزاراتِ مقدسہ کی جس طرح سے توہین کی ہے، جس طرح سے لوگوں کو ذبح کیا ہے اور جہاد النکاح کے نام پر خواتین کی عزتیں لوٹی ہیں، یہ لوگ خارجیوں سے بھی بدتر ہیں اور ان سے وہی سلوک کرنے کی ضرورت ہے، جو حضرت علی (ع) نے خوارج کیساتھ کیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل پاکستان شام پر حملے کو اسلام پر حملہ قرار دیتے ہیں اور پاکستان کی سرزمین پر آئندہ جمعۃ المبارک کو شام کی حمایت اور امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت میں منانے کا اعلان کرتے ہیں اور ملک بھر میں نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل مصر میں امریکی اور اسرائیلی مداخلت کہ جس کے ذریعے منتخب حکومت ختم کی گئی، کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور امریکہ اور اس کے عرب حواریوں کو اس قتل عام کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں دو ماہ میں ہزاروں افراد قتل کئے جاچکے ہیں۔
 مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل پاکستان میں اولیائے کرام کے مزارات، مختلف سجادہ نشینوں کی شہادت اور مساجد اور امام بارگاہوں پر ہونے والے قتل عام کا ذمہ دار اس ذہنیت کو قرار دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں جنت البقیع میں کئی اصحابِ رسول (رض) اور اہلِبیت علیھم السلام کے مزارتِ مقدسہ کو مسمار کیا جاچکا ہے اور اس فکر کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان میں عوامی بیداری کی مہم چلانے کا اعلان کرتے ہیں اور ایسے ننگ انسانیت دہشت گردوں سے مذاکرات کو رد کرتے ہیں اور ان کیخلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ اے پی سی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور سنی اتحاد کونسل پاکستان سمیت دیگر وہ جماعتیں جو دہشت گردی کا براہِ راست شکار ہیں، ان کو اس میں مدعو نہ کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور اے پی سی کے مذاکراتی فیصلے کو یکطرفہ فیصلہ قرار دیتے ہیں، پاکستان میں جب تک دہشت گردی کے مقابلے میں دہشت گردی کا شکار حقیقی اسٹیک ہولڈر سے ملکر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ اس وقت تک دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی اور وطن عزیز کو آئندہ اپنی ایٹمی صلاحیتوں پر بھی سخت عالمی خطرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں، پاکستان کو بیرونی دباؤ سے آزاد اور حقیقی معنوں میں آزاد اور خود مختار ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے آمادہ اور تیار ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام کش پالیسی ہے، حکومتِ وقت مہنگائی کے طوفان کو روکنے میں ناکام رہی ہے، ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے، اور تاحال حکومت کی طرف سے قومی مسائل حل کرنے کیلئے کئی ٹھوس حکمتِ عملی اختیار نہیں کی گئی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ تیل کی قیمتوں کو کم از کم ایک سال کیلئے فکس کر دیا جائے، تاکہ صنعت کار اطمینان سے صنعتیں چلائیں، تجارت بہتر ہو اور مہنگائی کو روکا جاسکے، گذشتہ ایک ماہ میں کراچی، گجرات، بھکر، چنیوٹ اور لاہور میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں، ملک کی توانائی کے بحران کو حل کرنے کیلئے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ناگزیر ہے، حکومت وقت نے اسے سرد خانے میں ڈال دیا ہے اور ملک لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہا ہے، حکومت کا یہ طرزِ عمل قابلِ مذمت ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ عبدالخالق اسدی، سید اسد عباس نقوی جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم، رانا شرافت علی نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 300540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش