0
Sunday 29 Sep 2013 11:44

پشاور دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہوگئی، 100 سے زخمی

پشاور دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہوگئی، 100 سے زخمی
اسلام ٹائمز۔ دہشتگردی کے شکار گرجا گھر سے تھوڑے فاصلے پر قصہ خوانی بازار میں کھڑی گاڑی میں دھماکے سے بچوں اور خواتین سمیت 40 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی، 3 پلازوں میں قائم متعدد دکانیں اور ایک مسجد شہید ہوگئی۔ صدر، وزیراعظم، چاروں وزراء اعلٰی، عمران خان، الطاف حسین، امین فہیم، منور حسن، چوہدری شجاعت حسین، اسفند یار ولی سمیت دیگر کی شدید مذمت، زخمیوں کے علاجہ معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تیز تر اقدامات کئے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت۔
پشاور میں ایک بار پھر اتوار کو اس وقت قیامت صغریٰ برپا ہوگئی جب قصہ خوانی بازار میں کھڑی گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ امدادی ٹیموں اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں منتقل کیا۔ دھماکے اور خودکش حملے اپنے پیچھے تباہی اور بربادی کی نہ ختم ہونے والی داستانیں چھوڑ جاتے ہیں۔ پشاور دھماکے میں ایک ہی خاندان کے وہ 18 افراد بھی لقمہ اجل بن گئے جو شادی کی شاپنگ کے لئے قصہ خوانی بازار آئے تھے۔ دھماکے کے بعد خاندان کے بچ جانے والے افراد بے بسی، دکھ اور رنج و الم کی تصویر بنے آہ و بکاہ کرتے رہے۔
 اے آئی جی بم ڈسپوزل سکواڈ شفقت ملک نے بتایا کہ ابتدائی جائزہ کے مطابق 200 کلو گرام سے زائد بارودی مواد اس دھماکہ میں استعمال کیا گیا اور یہ جی ایل آئی نمبر کی ایک وائٹ کلر کی گاڑی میں رکھا گیا تھا۔ اس گاڑی کو مسافر خانہ کے پیچھے کھڑا کیا گیا تھا اور ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ اس طرح اس پوری گاڑی کو بم کی شکل دے دی گئی تھی جس سے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ یہ دھماکہ پاکستان چرچ سے کچھ فاصلے پر ہوا، جہاں پر مسیحی برادری عبادت کیلئے موجود تھی، لیکن جونہی دھماکہ ہوا مسیحی برادری کے لوگ چیخیں مارتے ہوئے باہر آگئے۔ دھماکے کے فوری بعد اے این پی کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اپنی مذموم کارروائیوں سے ہمارے عزم اور بلند ارادوں کو پست نہیں کرسکتے۔ کالعدم تحریک طالبان نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 306439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش