0
Monday 18 Nov 2013 12:54

سازش کے تحت راولپنڈی کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی، رانا ثنااللہ

سازش کے تحت راولپنڈی کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی، رانا ثنااللہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے مجرموں کو گرفتار کرنے سے لے کر انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی میں 10 افراد جاں بحق اور 6 پولیس اہلکاروں سمیت 56 افراد زخمی ہوئے، 32 افراد کو طبی امداد دے کر فارع کر دیا گیا ہے، جبکہ 8 افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  سوچی سمجھی سازش کے تحت پنجاب میں حالات خراب کرنے کی کوشش کی گئی تاہم علمائے کرام اور پاک فوج اور واقعے کی ذمہ دارانہ کوریج پر میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ  سانحہ راولپنڈی کے نقصان کا اندازہ  لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے، مسجد اور مدرسے کے منتظیمن و دیگر شامل ہیں۔ کمیٹی واقعے کی تحقیقات کے بعد 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ واقعے میں  جس کا جتنا بھی نقصان ہوا ہے اسے پورا کیا جائے گا جبکہ مسجد اور مدرسے کی تعمیرنو بھی جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مجرموں کو گرفتار کرنے سے لے کر انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تحقیقات کے دوران کسی بھی مسلک کے ماننے والوں کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی نہ ہی کسی بے گناہ  شخص کو سزا دی جائے گی۔ سانحہ راولپنڈی کی عدالتی تحقیقات ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں کرائی جا رہی ہے جو 30 دنوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرے گی تاکہ واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ اس کے علاوہ واقعے کا ایک مقدمہ پولیس کی مدعیت میں بھی درج کر لیا گیا ہے تاہم اگر متاثرہ افراد مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں تو وہ مقدمہ درج کرا سکتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 322033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش