0
Tuesday 3 Dec 2013 18:36
انسانیت کا قاتل اور دہشت گردی کا گرو امریکہ ہے

پنجاب یونیورسٹی معاملے پر عدالتی کمیشن بنایا جائے، لیاقت بلوچ

پنجاب یونیورسٹی معاملے پر عدالتی کمیشن بنایا جائے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں ہنگامی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی قدیم مادر علمی ہے، یونیورسٹی کے حالات پر والدین، سول سوسائٹی اور جامعہ کے محبان شدید پریشان اور مضطرب ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے یونیورسٹی میں تعلیمی تنزلی، بدانتظامی، اخلاق و کردار کی خرابی، عدالتوں اور محتسب کے اداروں تک مقدمات مسلسل بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہر مرحلہ پر سوچے سمجھے منصوبہ کے ساتھ جامعہ پنجاب کے اصل مسائل حل کرنے اور اصلاح احوال کی بجائے رٹے رٹائے طریقوں کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف مہم جوئی کی جاتی ہے، گزشتہ پانچ سال میں جو سکینڈل یونیورسٹی سے باہر منظر عام پر آئے ہیں، ہر موڑ پر اسلامی جمعیت طلبہ کے خلاف الزام تراشی کی گئی ان سب کا کیا ہوا، کسی کو معلوم نہیں، جامعہ پنجاب کی تازہ صورتحال تشویشناک ہے، انتظامیہ، ملازمین، اساتذہ، طلبہ کے درمیان کشیدگی حد درجہ خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نوٹس لیں، محض گورنر، وزیر تعلیم، وزیر قانون کے دھمکی آمیز بیانات مسائل کا حل نہیں، وزیراعلیٰ عدالتی کمیشن بنائیں تاکہ تمام حالات کی تحقیقات ہوں اور جامعہ پنجاب کے ماتھے پر لگے بدنامی کے داغ صاف ہوں اور والدین، سول سوسائٹی اور محبان جامعہ کو سکون ملے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ انسانیت کا قاتل اور دہشت گردی کا گرو امریکہ ہے، عراق اور افغانستان کی تباہی کے بعد پاکستان نشانہ ہے، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت پر قابو پانے کے لیے عدم استحکام، ناکام ریاست ثابت کرنے، غیر ذمہ دارانہ قوم ثابت کرنے کیلئے فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جا رہی ہے، حکمران امریکی اشاروں پر مسلسل ناچ رہے ہیں، مشرف اور زرداری کی پالیسیوں کا نواز شریف دور میں بھی تسلسل جاری ہے، امریکہ ڈرون حملوں میں انسانوں کو قتل کر رہا ہے اور حکمران مہنگائی اور بے روزگاری کے ڈرون حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی، خود مختاری، وقار کی بحالی، نیٹو سپلائی بند کرانے، ڈرون حملوں کے خلاف ڈٹ جانے اور مہنگائی، بے روزگاری و بدامنی کے خلاف احتجاج کے لیے زندہ دلان لاہور 8 دسمبر کو لاہور میں عوامی مارچ میں شریک ہوں۔
خبر کا کوڈ : 327038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش