0
Thursday 19 Dec 2013 14:23

طالبان مذاکرات کا راستہ اپنائیں، پولیو ورکرز پر حملے نہ کریں، عمران

طالبان مذاکرات کا راستہ اپنائیں، پولیو ورکرز پر حملے نہ کریں، عمران
اسلام ٹائمز۔ عمران خان نے طالبان سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اپنائیں، پولیو ورکرز پر حملے نہ کریں، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مولانا سمیع الحق طالبان کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، تحریک انصاف وفاق پر ڈرون حملے رکوانے کیلئے دباﺅ ڈال رہی ہے، ہم نے نیٹو سپلائی ملک میں امن کے قیام کیلئے روکی ہوئی ہے، جب تک امن قائم نہیں ہوتا پاکستان میں سرمایہ کاری، ترقی اور روزگار نہیں آئیگا، پولیو کی بیماری کو روکنے کیلئے قدم نہ اٹھایا تو اس کے پھیلنے کا خطرہ ہے اور ایسا وقت بھی آ سکتا ہے کہ بچوں کی زندگیاں تباہ ہونے کے علاوہ خیبر پی کے کے عوام کو کسی ملک کا ویزا بھی نہیں ملے گا جس سے معاشی نقصان بھی ہو گا۔ پولیو روکنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو ایسا وقت آنے والا ہے لوگوں کو صوبے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ملے گی۔ عوام اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کی ذمہ داری پوری کریں، پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس پر حملے کرنیوالے انسانیت، اسلام اور پی کے و پاکستان کے لوگوں سے انصاف نہیں کر رہے، پولیو ورکرز مجاہد ہیں، ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نوشہرہ میں پولیو مہم کے افتتا ح کے موقع پر خطاب میں کیا۔

عمران نے کہا کہ اگر ہم نے اگلے 3 مہینے بھرپور پولیو مہم چلائی تو صوبے اور ملک کو اس بیماری سے نجات دلا سکتے ہیں۔ قبل ازیں عمران خان نے پشاور میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار کاشف کے گھر پر ان کے رشتہ داروں سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران نے خیبر پی کے پولیس کو بھرپور قربانیوں اور حوصلے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت شہداءکے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ڈرون حملے روکے بغیر ملک میں امن لاناممکن نہیں ۔جب تک ڈرون بند نہیں ہونگے امن کیلئے مذاکرات شروع نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے طالبان سے بھی اپیل کی کہ امن کیلئے مذاکرات کی طرف آئیں۔ ساٹھ سال سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت سے مذاکرات جاری ہیں۔ نو سالوں میں ہم نے مذاکرات نہ کئے اور آپریشن جاری رکھا جس کی وجہ سے طالبان کے ایک گروپ سے 55گروپس بن گئے۔ مذاکرات کی بات سب سیاسی جماعتوں نے کی ،ابھی مذاکرات شروع بھی نہیں ہوئے تھے کہ امریکہ نے انہیں ڈرون حملے کے ذریعے سبوتاژ کر دیا۔ وفاقی حکومت ڈرون حملے فوری بند کروائے، ڈرون حملوں کے ہوتے ہوئے امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے نوشہرہ میں مولانا سمیع الحق سے بھی ملاقات کی جس کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے طالبان سے مذاکرات کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے نیٹو سپلائی ملک میں امن کے قیام کیلئے روکی ہوئی ہے۔ بجلی، پٹرول، گیس سب وفاقی حکومت مہنگا کر رہی ہے، اسی طرح نوٹ بھی وفاقی حکومت چھاپ رہی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی وفاقی مسئلہ ہے شہباز شریف مینار پاکستان پر پنکھا اس لئے جھلتے تھے کہ وہ ظاہر کر سکیں بجلی وفاقی مسئلہ ہے صوبائی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 332128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش