0
Monday 30 Dec 2013 00:21

روس، ٹرین اسٹیشن پر خودکش حملہ، 18 افراد ہلاک 40 سے زائد زخمی

روس، ٹرین اسٹیشن پر خودکش حملہ، 18 افراد ہلاک 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ روس میں خاتون نے ایک ریلوے اسٹیشن پر خودکش حملہ کرکے 18 افراد کو ہلاک کر دیا، خاتون کے حملے میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے۔ روس میں ٹرین اسٹیشن پر ہونے والے خوکش دھماکے کی فوٹیج بھی جاری کر دی گئی ہے۔ روس کے شہر ولگوگریڈ میں ایک خاتون خودکش حملہ آور نے ٹرین اسٹیشن پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکہ ہوتے ہی آگ کا ایک بڑا گولا اسٹیشن کے ہال سے باہر نکلتا ہے اور ساتھ ہی ٹوٹی ہوئی کھڑکیوں سے دھواں نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔ روس کی سرکاری تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق خاتون خودکش حملہ آور نے ولگریڈ اسٹیشن کے داخلی راستے پر تلاشی لینے والی مشین کے قریب اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔ 21 اکتوبر کو اسی علاقے میں ایک خاتوان خودکش بمبار نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ روس آئندہ سال فروری میں اسی علاقے میں سرمائی اولمپکس سوچی 2014ء کی میزبانی کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق روسی شہر ووَلگوگراڈ کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر ایک خودکش حملے کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ایک خاتون خودکش حملہ آور نے ٹرین اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں کی تعداد پچاس سے زائد ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ماسکو حکومت نے اس حملے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ وولگوگریڈ میں دوسرا خودکش حملہ ہے، اکیس اکتوبر کو بھی ایک خاتون کے خودکش حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔ روسی حکام کو تشویش ہے کہ سرما اولمپکس سے پہلے شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرما اولمپکس سات فروری کو شمالی شہر سوچی میں منعقد ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 335496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش