0
Monday 27 Jan 2014 13:10

طالبان اور الطاف کی سوچ ایک جیسی ہے، آفاق احمد

طالبان اور الطاف کی سوچ ایک جیسی ہے، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی مومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ طالبان اور دیگر جماعتوں کی طرح متحدہ پر بھی پابندی عائد کی جائے، طالبان اور الطاف کی سوچ ایک جیسی ہے اور وہ دونوں دہشتگردی میں ملوث ہیں، لانڈھی میں پولیس موبائل پر حملے میں 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت کراچی میں جاری دہشتگردی میں شہر پر قابض دہشت گرد جماعت متحدہ کی غنڈہ گردی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ اسوقت کراچی جس دہشت گردی کا شکار ہے اس کی وجوہات میں سیکیورٹی اداروں کی سستی و کاہلی بھی شامل ہے ،ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر جو ڈرامہ کیا گیا اس نے دہشت گردوں کو کمزور کرنے کی بجائے مضبوط کیا جس کی وجہ سے شہر میں قتل و غارت بڑھی اور عوام کے ساتھ ساتھ خود پولیس و رینجرز بھی محفوظ نہیں رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابی کے دعوے کرتے نہیں تھکتی لیکن حقائق تو کچھ اور ہی کہتے ہیں، کیا ہم یہ پوچھنے میں حق بجانب نہیں کہ اگر سیکیورٹی ادارے 13609 جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور 8469 ہتھیاروں کی برآمدگی کا اعلان کر رہے ہیں تو پھر شہر میں ہونے والی قتل و غارت اور خود ان ہی پر حملوں میں کمی کیوں نہیں ہوئی۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ کہ بہتر یہ ہوتا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز کی سیاسی وابستگی اور انکے پیش کئے جانے والے چالان سے بھی عوام کو آگاہ کیا جاتا کہ کس طرح سیکڑوں لوگوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کی 13-D جیسے معمولی مقدمات میں گرفتاری ظاہر کی گئی۔

آفاق احمد نے کہا کہ لانڈھی میں پولیس موبائل پر بم حملہ اور فائرنگ دراصل متحدہ کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے کیونکہ دو روز قبل میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکلنے کے بعد جس طرح افواہوں کا بازار گرم کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، متحدہ جانتی ہے کہ اسکے ظلم کا انجام قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا شکار ہونے والے میرے ساتھی ہوں یا بے گناہ عوام یا پھر سیکیورٹی اہلکار نقصان پاکستانی قوم کا اور خون انسانیت کا ہو رہا ہے جس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں لیکن جب سیکیورٹی اہلکاروں کے پاس ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں، پرانا زنگ آلود اسلحہ موجود ہو اور میٹل ڈیٹکٹر یا بلٹ پروف جیکٹیں نہ ہوں تو وہ کس طرح اپنا یا عوام کا دفاع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی غیر سنجیدگی اور اہلکاروں کو ناکافی سہولیات فراہم کرکے عوام کا تحفظ کیا جا سکتا ہے نہ پولیس و رینجرز اپنا بچاﺅ کر سکتے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد کا کہنا تھا کہ متحدہ کی جانب سے محکمہ پولیس میں بھرتی کئے جانے والے جرائم پیشہ عناصر کو بھی فارغ کرنے کے انتظامات کئے جائیں کیونکہ یہی کالی بھیڑیں پولیس کارروائیوں کی اطلاعات دہشت گردوں تک پہنچاتے ہیں بلکہ خود بھی قتل و غارت میں ملوث ہیں۔ آفاق احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسکی نشاندہی کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے پولیس میں بھرتی جرائم پیشہ عناصر کے اعتراف کی صورت کیا تھا اور اشتیاق عرف سلمان عرف پولیس والا نام کے متحدہ ٹارگٹ کلرز کی JIT رپورٹ بھی ناقابل تردید ثبوت کی صورت میں موجود ہے۔

چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی کا کہنا تھا کہ اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ پولیس کی گاڑیاں اہلکاروں کے رشتہ دار اور گھر والے بھی استعمال کرتے ہیں بلکہ بعض گاڑیوں پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگا کر چلائی جا رہی ہیں اسکی بھی روک تھام کی جائے کیونکہ اسکا فائدہ بھی دہشت گرد اٹھا سکتے ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ گذشتہ روز لانڈھی میں جو کچھ ہوا وہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہئے، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن تیز کیا جائے اور رونما ہونے والے واقعہ سے جڑے تمام پہلوﺅں کی باریک بینی سے تفتیش کی جائے تاکہ ملوث دہشت گردوں کو گرفتار اور انہیں استعمال کرنے والے بے نقاب ہو سکیں۔ ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی شہید پولیس اہلکاروں کیلئے دعائے خیر کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہید اہلکاروں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک اور دعاگو ہیں کہ اللہ مرحومین کے درجات بلند فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 345382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش