0
Friday 14 Feb 2014 10:25

کراچی، کورنگی میں رینجرز کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر باسط کی گاڑی پر خودکش حملہ

کراچی، کورنگی میں رینجرز کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر باسط کی گاڑی پر خودکش حملہ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کورنگی سی ایریا میں رینجرز کے اعلیٰ افسر سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر باسط کی گاڑی پر خودکش حملے میں رینجر اہلکار اور افسر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے خودکش بمبار کے اعضاء بھی ملے ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق جمعہ کی علی الصبح رینجرز کے اعلیٰ افسر سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر باسط کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ خودکش بمبار نے بریگیڈئیر باسط کی گاڑی کے سامنے آکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے میں رینجر اہلکار اور افسر سمیت چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے انسانی اعضاء کے ساتھ دستی بم بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی ٹیموں اور میڈیا کو بھی دھماکے کی جگہ جانے کی اجازت نہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد کے قریب ڈیفنس کورنگی کریک روڈ پر ایک خود کش بمبار نے مبینہ حملہ نے خود کو رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی جگہ سے ایک شخص کی لاش کے اعضاء برآمد ہوئے ہیں جبکہ دھماکے میں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی جی ایس 7111 کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے لاش کے اعضا جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر کے قریبی جگہوں کا سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ کورنگی کریک روڈ کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر کے قریب پولیس کی بس کو نشانہ بیایا گیا تھا جس میں 13 اہلکار جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 351477
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش