0
Thursday 20 Feb 2014 00:04
گندم کی قیمت فوری کم نہ کرنے کیصورت میں صوبہ بھر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا جائیگا

جی بی کے مسائل سے واقفیت کے باوجود گندم کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی زیادتی ہے، سید عباس رضوی

جی بی کے مسائل سے واقفیت کے باوجود گندم کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی زیادتی ہے، سید عباس رضوی
رپورٹ: میثم بلتی

شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان اور انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید محمد عباس رضوی نے اسکردو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی قیمت فوری کم کر دی جائے بصورت دیگر صوبہ بھر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر نہ سمجھا جائے، یہاں پسماندگی کی شرح بہت زیادہ ہے اِسی بنا پر ہم قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمتوں میں اضافہ کا مسئلہ قومی مسئلہ ہے، اس لئے اس پر تمام جماعتوں نے ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے، اس سلسلے میں انجمن اہل سنت بلتستان، انجمن نوربخشیہ بلتستان، مرکز اہلِ حدیث کے ذمہ داران نے ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پسماندگی اور غربت اپنی انتہا کو چھو رہی ہے، یہاں لوگوں کو صنعتیں اور بڑے پیمانے پر کاروبار کے مواقع میسر نہیں، لوگوں کی اکثریت کا ذریعہ معاش ماضی میں زرعی شعبہ تھا لیکن یہاں تعمیر و ترقی کے عمل کے شروع ہونے اور تعمیرات کا سلسلہ بڑھ جانے سے اب لوگوں کے پاس زرعی زمینیں بھی نہیں رہی ہیں۔ گلگت بلتستان کو اب تک مسئلہ کشمیر کی وجہ سے آئینی حقوق نہیں دیئے گئے ہیں جبکہ قومی مالیاتی اداروں سمیت کئی قومی فورمز پر گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل نہیں ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان کو وہ مالی مراعات نہیں مل رہی ہیں جو ملک کے دیگر صوبوں کو حاصل ہیں۔

سید محمد عباس رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہاں سردیوں کا موسم طویل ہوتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ یک فصلی ہے۔ ان تمام مسائل سے واقفیت حاصل ہونے کے باوجود گندم کی قیمتوں کا اتنا زیادہ بڑھانا کہ وہ عوامی پہنچ میں ہی نہ رہے انتہائی زیادتی ہے، جس کی وجہ سے عوام سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ ہم صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گندم کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، بصورت دیگر اسکردو شہر سمیت بلتستان کے تمام چھوٹے بڑے علاقوں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔ اس موقع پر انجمن نوربخشیہ بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا یوسف نے گندم ایشو پر انجمن امامیہ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 353531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش