0
Tuesday 8 Apr 2014 11:40

سیکورٹی فورسز نے قلات کے پاروت میں سرچ آپریشن کرکے 10 فراری کیمپوں کا خاتمہ کردیا، میر سرفراز بگٹی

سیکورٹی فورسز نے قلات کے پاروت میں سرچ آپریشن کرکے 10 فراری کیمپوں کا خاتمہ کردیا، میر سرفراز بگٹی

اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے عملے نے قلات کے پاروت میں سرچ آپریشن کرکے 10 فراری کیمپوں کا خاتمہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 10سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے عملے نے سوموار کو قلات کے علاقے پاروت میں سرچ آپریشن کیا۔ جہاں پر 8 سے 10 فراری کیمپوں کو تباہ کیا گیا۔ یہ کیمپ ٹرین پر حملوں، اغواء برائے تاوان، بم دھماکوں، سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ سرچ آپریشن کے دوران 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس آپریشن میں فرنٹیئر کور کے 10 جوان زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کمبائلڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے فرنٹیئر کور کی پوسٹوں اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ کیمپوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ساز و سامان قبضے میں لیا گیا ہے۔ جس کی تفصیل بعد میں بتائی جائے گی۔

قلات کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں کوئی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں ہوا۔ ہیلی کاپٹر صرف لاجسٹک سپورٹ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاکہ ٹروپس کو وہاں پر پہنچایا جا سکے۔ گر کر تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔ جس میں موجود کرنل، ایک میجر اور حوالدار معجزانہ طور پر محفوظ رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تاہم ہلاک ہونے والوں کے نام اور شناخت نہیں ہو سکی۔ جیسے ہی ان کی کسی تنظیم کے حوالے سے شناخت ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مذکورہ آپریشن آج ہی شروع کیا گیا تھا اور شام تک مکمل کرلیا جائے گا، یہ قلات اور خضدار کے بارڈر پر واقع علاقے میں کیا گیا ہے۔ اسے مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں پر بھی اسٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا جائے گا۔ اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی فراری کیمپ قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خبر کا کوڈ : 370437
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش