0
Saturday 12 Apr 2014 06:25

اسلام آباد اور سبی بلاسٹ میں معصوم انسانوں کی جانوں کا ضیاع قومی المیہ ہے، لیاقت بلوچ

اسلام آباد اور سبی بلاسٹ میں معصوم انسانوں کی جانوں کا ضیاع قومی المیہ ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد فروٹ منڈی میں بم دھماکے اور سبی اسٹیشن پر ٹرین بلاسٹ میں معصوم انسانوں کی جانوں کا ضیاع قومی المیہ ہے۔ پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردی تخریب کاری کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حکومت واقعات کی تحقیقات کرے اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ یونائیٹڈ بلوچ آرمی کی طرف سے واقعات کی ذمہ داری قبول کرنا معنی خیز ہے۔ سکینرز کا ناکارہ ہونا اور اسلام آباد میں مسلسل دہشتگردی کے واقعات سے لگتاہے امن دشمن قوتیں بڑے اہداف حاصل کر رہی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت طالبان امن مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ملک و ملت کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔ امن عوام اور ملکی ترقی کی ضرورت ہے۔ امن ہوگا تو معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ روزگار میسر آئے گا۔ امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی مسلسل سازشیں ہورہی ہیں۔ اس وقت حکومت، فوج، مذاکرات کار ایک ٹریک پر رہیں۔ حکومت اور فوج کے موقف کا اختلاف بہت خطرناک ہوگا۔ اگر حکومت اور فوج کے اختلافات کی بنیاد پر مذاکرات کے ساتھ آپریشن کا تاثر بھی پیدا کیا جائے گا تو طالبان کی طرف سے بھی یہی راستہ اختیار کرنے کا اندیشہ ہے جو صورت حال کو زیادہ گھمبیر بنادے گا۔ مذاکرات کو طول دینے کی بجائے فطری ضرورت کے تحت کم سے کم مدت میں انہیں نتیجہ خیز بنایا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ تحفظ پاکستان کے نام سے تحفظ پاکستان آرڈی نینس کا اجراء اور اب قانون سازی کے لیے حکومتی کوششیں غیر آئینی اور غیر جمہوری ہیں۔ دہشتگردی روکنے کے نام پر انسانی حقوق چھیننا خود حکومت کے لیے نقصان کا سودا ہے۔ ملک میں قوانین کی بھر مار ہے۔ آزاد عدلیہ موجود ہے اصل مسئلہ تحقیقی اور تفتیشی عمل کے نقائص ہیں۔ ہر سطح پر کرپشن کی بنیاد پر جرائم کی سرپرستی ملک کے لیے عذاب بنا ہوا ہے۔ بدعنوانی اور بدعنوان عناصر کے ذریعے دہشتگردی، تخریب کاری اور ملک دشمن عناصر کی کاروائیوں کو روکنا خواب ہی رہے گا۔ حکومت پارلیمنٹ میں جمہوری اور سیاسی انتشار کے خاتمہ کے لیے تحفظ پاکستان بل واپس لے۔ جماعت اسلامی غیر آئینی اور غیر جمہوری قانون سازی کے عمل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 371980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش