0
Tuesday 13 May 2014 18:19

سیاسی بھرتیوں سے نجات حاصل کئے بغیر میونسپل کمیٹی کو بہتر بنانا ممکن نہیں، انجمن تاجران

سیاسی بھرتیوں سے نجات حاصل کئے بغیر میونسپل کمیٹی کو بہتر بنانا ممکن نہیں، انجمن تاجران
اسلام ٹائمز۔ میونسپل کارپوریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے حالیہ اقدامات کے خلاف مرکزی انجمن تاجران کا اجلاس سہیل اعظمیٰ کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ جس میں تاجران اور مزدور یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی میں جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، اور گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرنے والے اہلکاروں کو فارغ نہیں کیا جاتا، اس وقت تک میونسپل کمیٹی کو نفع بخش بنانا دیوانے کا خواب ہی ہوسکتا ہے۔ تاجران نے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی جانب سے حالیہ بھرتیوں پر انتہائی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ 150 نااہل افراد کو سیاسی آشیر باد سے بھرتی کیا گیا ہے، جو کہ ادارے پر بوجھ ہیں۔ اجلاس میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری مہم کو بھی چند افسران اور اہلکاروں کی ملی بھگت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے میں سیاسی رنگ نمایاں ہے۔ اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنا مقصود ہے تو سب سے پہلے ان تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے جو ادارے کے کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے وجود میں آئی ہیں۔ تاجران نے کہا کہ میونسپل کمیٹی ہمیشہ ہی فنڈز کی کمیابی کا رونا روتی ہے اور اسے نفع بخش بنانے کی بات کرتی ہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ ان اہلکاروں کو فارغ کیا جائے جو ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے اور گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرتے ہیں۔ سیاسی بھرتیوں سے نجات حاصل کی جائے۔ کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی جو اونے پونے داموں مختلف افراد میں بانٹی گئی ہے واگزار کرائی جائے اور ٹھیکوں کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔ تجاوزات کی آڑ میں صرف مخصوص تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے بلکہ ناجائز تجاوزات جسکی اور جہاں ہیں سب کے خلاف یکساں کاروائی کی جائے۔ اجلاس میں تاجران کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آرز کی مذمت کی گئی اور انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 382082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش