0
Saturday 17 May 2014 08:43

کشمیر اور فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، عبدالرشید ترابی

کشمیر اور فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، عبدالرشید ترابی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، ہندوستان اور اسرائیل پڑھ لیں۔ فلسطینی 15مئی کو ہر سال بڑی تباہی کے نام سے یوم نکبہ کے طور پر مناتے ہیں جو اسرائیلی مظالم کی داستان ہے اسرائیل نے ایک دن کئی ہزار فلسطینوں کو شہید کیا اور لاکھوں کو بے گھر کیا، اقوام متحدہ، OIC عرب لیگ اور یورپی یونین کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل کروانے میں کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میثاق ریسرچ سینٹر اور فلسطین فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل حمید گل، سینیٹر ظفر علی شاہ، سفیر فلسطین، عبداللہ گل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے یوم نکبہ کے موقع پر پوری پاکستانی اور کشمیری قوم اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ جنرل حمید گل اور عبداللہ گل نے ہمیشہ امت کے مسائل کو اجاگر کرنے اور رائے عامہ کو ہموار کرنے میں کردار ادا کیا اور نوجوانوں کو پورے پاکستان میں منظم کرکے ان کی نظریاتی تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل فلسطین کو ریاست جموں و کشمیر کے عوام، حریت کانفرنس اور آل پارٹیز کو آرڈنیشن کونسل کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ کشمیری مسئلہ فلسطین کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، غزہ میں ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مسائل ہیں، اقوام عالم کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مظالم کے باوجود آزادی کی تحریک کو کوئی کچل نہیں سکتا، امت مسلمہ کو اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے بھرپور تعاون کرنا چاہیے، ان کی تحریک کو تقویت پہنچانے کے لیے ہمیں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں اسرائیل کو تسلیم کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھیں اور ابھی بھی اسی کوشش میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے یہ امت مسلمہ کی قیادت کر سکتا ہے اس کے پاس ایٹم بم اور بے پناہ وسائل موجود ہیں۔ اسرائیل اور ہندوستان کے تسلط کو ختم کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر حکمت عملی کے ساتھ اپنی جدوجہد کو تیز کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنے مظلوم بھائیوں کو آزادی دلانے میں کردار ادا کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 383293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش