0
Friday 30 May 2014 20:24

حکومت طالبان کی دھڑے بندی سے فائدہ اٹھائے، صاحبزادہ حامد رضا

حکومت طالبان کی دھڑے بندی سے فائدہ اٹھائے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ظالم اور حاکم ایک ہو چکے ہیں۔ فیصلہ سازی کا مرکز پارلیمنٹ نہیں رائیونڈ بنا ہوا ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کا نام ’’امیروں کی حکومت امیروں کے لیے‘‘ ہے۔ محدثِ اعظم مولانا سردار احمد نے اصلاحِ عقائد کے لیے عظیم خدمات سرانجام دیں۔ وہ زندگی بھر فکرِ رضا کا پرچار کرتے رہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محدثِ اعظم پاکستان حضرت علامہ مولانا سردار احمد کے سالانہ عرس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عرس کی تقریب میں اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ عرس کے اجتماع سے شیخ الحدیث علامہ محمد شریف رضوی، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی، پیر عتیق الرحمن، علامہ فیض رسول، صاحبزادہ حسین رضا، علامہ باغ علی رضوی، پیر محفوظ الحق شاہ اور دوسرے علماء نے خطاب کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ نااہل اور ناکام حکمرانوں کا دھڑن تختہ قریب ہے۔ پارلیمنٹ کو طاقت کا مرکز بنانے کی ضرورت ہے۔ حکومت ٹیکسوں کا بوجھ غریبوں کی بجائے دولت مندوں پر ڈالے۔ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ محدثِ اعظم علامہ سردار احمد زندگی کی آخری سانس تک بدعقیدگی کے خلاف جدوجہد کرتے رہے۔ حضرت مولانا سردار احمد کی علمی، تدریسی اور دینی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ہمارے حکمرانوں نے کشمیر کو بھلا دیا ہے۔ کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والا وزیراعظم اقتدار میں نہیں رہ سکے گا۔ گردشی قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے لیے بجلی مہنگی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان سے الگ ہونے والے گروپ نے اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کا اصلی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ حکومت طالبان کی دھڑے بندی سے فائدہ اٹھائے۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدثِ اعظم علامہ سردار احمد زندگی بھر مقامِ مصطفی کے تحفظ اور پیغامِ مصطفی کے فروغ کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔ ان کے لاکھوں شاگرد اور مریدین دنیا بھر میں تبلیغ اسلام کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ محدثِ اعظم کے مشن کی تکمیل کے لیے بدعقیدگی کے خلاف جدوجہد تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 387840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش