0
Thursday 12 Jun 2014 21:13

بجٹ اجلاس، پنجاب اسمبلی کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا

بجٹ اجلاس، پنجاب اسمبلی کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی اداروں نے پنجاب اسمبلی کا سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ نئے سکیورٹی پلان کے مطابق پنجاب اسمبلی اور اس کے نواح میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں جبکہ اسمبلی کی قریبی عمارتوں کی چھتوں پر بھی ماہر نشانہ باز مورچہ زن ہوں گے۔ پنجاب اسمبلی کے چیف سکیورٹی افسر ناصر حسین کی جانب سے جاری پلان کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے ارکان کی گاڑیوں کا داخلہ صرف مال روڈ سے فیصل چوک کی طرف سے ہو گا۔ اجلاس کے موقع پر صرف ارکان اسمبلی کی گاڑیاں، سرکاری گاڑیاں، اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے سٹیکر والی گاڑیوں کو ہی اندر آنے کی اجازت دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گاڑیاں ایم پی اے ہاسٹل کی پارکنگ میں ہی کھڑی کرنے کی اجازت ہو گی باہر سڑک پر کسی گاڑی کو کھڑا ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سکیورٹی پلان کے مطابق بجٹ اجلاس کے دوران مہمانوں کا پنجاب اسمبلی میں داخلہ بند ہو گا،مہمانوں کی گیلری میں ارکان اسمبلی بیٹھیں گے۔ کوئی غیر متعلقہ شخص ہاؤس یا لابی میں داخل نہیں ہو سکے گا، اسمبلی آنے والے تمام ارکان اور ملازمین اپنے کارڈ آویزاں کریں گے جبکہ قومی شناختی کارڈ بھی ہمراہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ کے اندر بریف کیس، ہینڈ بیگ، کیری بیگ اور لیپ ٹاپ لے کر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ خواتین ارکان کو بھی اپنے پرس سکیننگ کے لئے پیش کرنا ہوں گے۔ میڈیا کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈی ایس این جی وینز فلیٹیز ہوٹل کی جانب کھڑی کریں۔ سپیکر باکس میں اہم شخصیات کے لئے سٹاف افسر خود کارڈ جاری کرے گا۔

یاد رہے کہ کل بروز جمعہ شام 4 بجے پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا، بجٹ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن پیش کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 391520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش