0
Friday 18 Jul 2014 00:57
آپریشن میں کامیابیوں پر فوج کو خراج تحسین

حکومت کی مکمل عملداری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہیگا، نواز شریف

حکومت کی مکمل عملداری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہیگا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے امن کے لئے مطلوبہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم حکومت کی مکمل عمل داری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہے گا۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا اور وزیراعظم کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جبکہ وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی، اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ دورہ جی ایچ کیو میں عسکری حکام نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک 450 سے زائد دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جبکہ اس دوران پاک فوج کے کیپٹن سمیت 26 جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔ عسکری حکام نے بتایا کہ آپریشن میں میران شاہ کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے اور اب فورسز کی میر علی کی جانب پیش قدمی جاری ہے جبکہ اگلے مرحلے میں شوال اور دتہ خیل میں بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے آپریشن کے تمام مراحل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کا قلع قمع کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے آپریشن میں کامیابیوں پر فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، ہماری افواج نے امن کے لئے مطلوبہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تابڑ توڑ فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھیں گے کیونکہ ہماری فوج یہ جنگ ملک میں امن اور استحکام کے لئے لڑ رہی ہے اور مطلوبہ رفتار سے اپنے مقاصد بھی حاصل کر رہی ہے اور آپریشن کا مقصد ریاست کی رٹ قائم کرنا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے آئی ڈی پیز کی بحالی اور مینجمنٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آپریشن کے لئے ہر ممکن مالی وسائل فراہم کرے گی اور اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کی امداد و بحالی کے لئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 400090
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش