0
Sunday 10 Aug 2014 17:54
حکمران ہر صورت میں محاذ آرائی پر تلے ہوئے ہیں، رشید گوڈیل

الطاف حسین کی دھمکی کام دکھا گئی، متحدہ کے وفد کو منہاج القرآن کھانا لے جانے کی اجازت مل گئی

الطاف حسین کی دھمکی کام دکھا گئی، متحدہ کے وفد کو منہاج القرآن کھانا لے جانے کی اجازت مل گئی
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل کا کہنا ہے کہ جلسے جلوس سیاسی جماعتوں کا حق ہیں لیکن حکمرانوں کی سوچ بادشاہوں والی ہے اور ہر قیمت پر محاذ آرائی پر ہی تلے ہوئے ہیں۔ منہاج القرآن سیکریٹریٹ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ وہ رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر منہاج القرآن میں موجود خواتین کے لئے کھانے پینے کا سامان لائے تھے لیکن وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے سامان سے بھری گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد وہ کھانے پینے کا سامان اپنے اپنے سروں اور اور کمر پر لاد کر پیدل ہی نکلے تاہم راستے میں انہیں چند لوگوں نے لفٹ دی اور وہ 3 کلومیٹر دور منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچے۔

رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ جلسے جلوس اور احتجاج ہر شخص کا حق ہے، ماضی میں جب وزیراعلیٰ پنجاب لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے تھے تو انہیں اس وقت کی حکومت نے نہیں روکا تھا لیکن یہ کون سا طریقہ ہے کہ بچوں کے لئے دودھ اور خواتین کے لئے کھانے پینے کا سامان بھی نہیں لے جانے دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم یہاں میڈیکل کیمپ بھی لگانا چاہتی تھی لیکن یہ بھی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اس قسم کے اقدامات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ان کی سوچ بادشاہون والی ہے۔ ایم کیو ایم قومی سلامتی کانفرنس میں شریک ہوئی تاکہ انہیں بتایا جا سکے کہ اس وقت ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے لیکن حکمران محاذ آرائی پر ہی تلے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل رشید گوڈیل اور دیگر ارکان قومی وصوبائی اسمبلی جب منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں موجود خواتین اور بچوں کے لئے کھانا لے کر پہنچے تو پولیس نے انہیں روک لیا اس دوران رشید گوڈیل نے پولیس کو کھانا چیک کر کے لے جانے کی بھی پیش کش کی اس کے باوجود پولیس نے رشید گوڈیل کو کھانا لے جانے نہیں دیا، جس پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور لاہور کے عوام کھانا لے جانے سے روکنے پر شدید غم و غصے میں ہیں۔ وہ تشدد کے خلاف ہیں اس لئے معصوم بچوں کے لئے دودھ اور خواتین کےلئے کھانا لے جانے دیا جائے اگر کھانا لے جانے کی اجازت نہ ملی تو رابطہ کمیٹی اپنے مطالبے پر عمل کرنے میں آزاد ہو گی۔

الطاف حسین نے دھمکی دی تھی کہ اگر لاہور پولیس نے ایم کیو ایم کے وفد کو کھانا لے جانے کی اجازت نہ دی تو آدھے گھنٹے کے بعد وہ پورے ملک کو جام کروا دیں گے۔ الطاف حسین کی اس دھمکی کے بعد پولیس نے ایم کیو ایم کے وفد کو کھانا لے کر جانے کی اجازت دیدی۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے وفد نے موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز سے کھانا لے جانے سے روکے جانے کی شکایت کی تو ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بھی کھانا لے جانے کی اجازت نہیں دی۔ قبل ازیں واسا نے بھی منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا پانی بند کر دیا تھا تاہم میڈیا میں خبریں آنے پر پانی بحال کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 404033
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش