0
Saturday 23 Aug 2014 20:06

کشمیری عوام مسئلے کے بنیادی فریق ہیں، کشمیریوں کی رائے کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہئے، حریت کانفرنس (م)

کشمیری عوام مسئلے کے بنیادی فریق ہیں، کشمیریوں کی رائے کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہئے، حریت کانفرنس (م)
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کی ایگزیکٹیو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس حریت صدر دفتر پر حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں حریت کانفرنس کی جملہ اکائیوں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں رواں سیاسی، تحریکی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر نے گزشتہ دنوں دہلی میں مقیم پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کے ساتھ ہوئی اپنی ملاقات کی تفصیلات سے حریت اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے ہائی کمشنر کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حریت کانفرنس کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور بھارت اور پاکستان کے درمیان کسی بھی ممکنہ مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شرکت کو ان مذاکرات کامیابی کے لئے ناگزیر قرار دیا اور ان پر زور دیا کہ کشمیریوں کی رائے کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہئے کیونکہ کشمیر ی عوام اس مسئلے کے بنیادی فریق ہیں اور ان کو نظر انداز کرکے اس مسئلہ کوئی بھی قابل قبول حل تلاش نہیں کیا جاسکتا۔

میرواعظ عمر نے کہا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر نے ان کو یقین دلایا کہ ان کا ملک کشمیریوں کے جذبات احساسات اور بے مثال قربانیوں کو نظر میں رکھ کر کشمیریوں کی فریقانہ حیثیت کو ہر قیمت پر تسلیم کئے جانے اور اس مسئلے کے ضمن میں کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیریوں کی شرکت کو لازمی بنانے کے لئے نہ صرف پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا بلکہ اپنی قومی پالیسی کے تحت ایک جائز جدوجہد میں مصروف کشمیری عوام کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ملاقات کے دوران پاکستان کے ہائی کمشنر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارت کی جانب سے مذاکراتی عمل کی معطلی کو افسوسناک اور اس مسئلے سے جڑے سیاسی حقائق سے انحراف کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ مسائل کے حل کے لئے بامعنی مذاکرات ایک واحد راستہ ہے اور کشمیر جیسے پیچیدہ مسئلہ کو اس کے تاریخی تناظر میں صرف تینوں فریقوں کے درمیان نتیجہ خیز بات چیت سے ہی حل کیا جاسکتا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ برصغیر ہند و پاک میں تبدیل ہو رہی سیاسی صورتحال کے تناظر میں حریت کانفرنس کے اگلے اجلاس میں ایک مربوط پروگرام کے تحت آگے بڑھنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 406298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش