0
Wednesday 24 Sep 2014 18:41

انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کی جیت کا کوئی امکان نہیں تھا، وفاقی وزراء

انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کی جیت کا کوئی امکان نہیں تھا، وفاقی وزراء
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کے وزراء نے کہا ہے کہ عمران خان کے ہر الزام کا دلیل کے ساتھ جواب دیا جائے گا، دھرنے ختم کرنا حکومت کیلئے مشکل نہیں، تحمل سے کام لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے الیکشن کے حوالے سے 13 الزامات لگائے اور ان 20 حلقوں میں اعتراضات جمع کروائے جہاں مسلم لیگ نواز نے فتح حاصل کی جبکہ ان میں سے 10 حلقے ایسے تھے جہاں تحریک انصاف نے اپنا امیدوار ہی کھڑا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات 2013 ءکے دوران دنیا کی تمام بڑی مبصر تنظیموں نے مسلم لیگ نواز کو فیورٹ قرار دیا جبکہ گیلپ سروے کے مطابق بھی مسلم لیگ نواز پسندیدہ جماعت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تصاویر والی ووٹر لسٹیں استعمال ہوئیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو الیکشن اصلاحات کمیٹی کی سربراہی کی پیشکش بھی کی لیکن انہوں نے قبول نہیں کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچے، سازشی عناصر نے ان ’دو‘ لوگوں کو ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے تلاش کیا اور انتخابی نظام کو مجروح کرنے کی ناکام کوشش کی گئی،، چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے پاکستان کو بڑا معاشی نقصان ہوا۔ دھرنے ختم کرنا حکومت کیلئے مشکل نہیں۔ تحمل سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف تمام سیٹیں جیت بھی جاتی اور اگر ہم بھی انہیں 20 سیٹیں تحفے میں دے دیں تب بھی وہ حکومت نہیں بنا سکتے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ مبصرین کی سفارشات میں کہیں ذکر نہیں کہ 2013ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری ہوا جبکہ عمران خان نے عبوری حکومت پر بھی اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مبصرین کی سفارشات کو الیکشن کمیشن کی رپورٹ ظاہر کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ میرے پاس ہے، جس میں 35 پنکچر لگنے کی کوئی بات نہیں کی گئی۔ عمران خان نے بیلٹ پیپرز کی اردو بازار سے چھپائی کا کہا، وہ بھی رپورٹ میں نہیں ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ آپ پارلیمینٹ سے بھاگتے ہیں کیونکہ وہاں جھوٹ نہیں بول سکتے جبکہ جمہوریت میں سب سے اچھا پلیٹ فارم پارلیمینٹ ہی ہوتا ہے، دھرنے والے اپنی مرضی کا پارٹ ٹائم مجمع لائے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گزشتہ 30 روز میں 120 جھوٹی تقریریں کی گئیں، الزامات اور کمیشن کی فہرست لے آﺅں گا۔ آپ پارلیمینٹ آئیں، اگر چاہتے ہیں کہ الزام خان نہ کہوں تو پارلیمینٹ آئیں اور سچ ثابت کریں۔
خبر کا کوڈ : 411431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش