0
Tuesday 23 Sep 2014 23:44

شفاف الیکشن جمہوریت کی بنیاد ہے، الیکشن کمیشن نے ہمارے موقف کی تائید کر دی، عمران خان

شفاف الیکشن جمہوریت کی بنیاد ہے، الیکشن کمیشن نے ہمارے موقف کی تائید کر دی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 17 ماہ سے جو ہم کہہ رہے تھے الیکشن کمیشن نے خود تسلیم کرلیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے آزادی مارچ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکتالیس روز کی جدوجہد کا نتیجہ یہ نکلا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے الزامات خود ہی تسلیم کرلئے ہیں۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے مدد فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف اور تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے بے حد ضروری ہیں اور ان سب کے لئے ایک ذمہ دار ریاست کا وجود ضروری ہے جیسا کہ مدینہ کی ریاست تھی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر الیکشن کمیشن نے اردو بازار سے بیلٹ پیپر چھپوائے اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو دیئے جنہوں نے پہلے سے ٹھپے لگا کر دھاندلی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے نتائج تبدیل کرنا آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی ہے، ذمہ داروں کو سزا دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے چیئرمین طارق ملک کو ہٹا کر اپنی مرضی کا چیئرمین لگایا گیا، جس کے تقرر کو ہائی کورٹ نے غلط قرار دیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے خود تسلیم کیا کہ دھاندلی ہوئی۔ رپورٹ سے حکمرانوں کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا۔ قوم امتحان میں پاس اور حکومتیں فیل ہوتی ہیں، ملک تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 9 ماہ تک رپورٹ قوم سے چھپائے رکھی، رپورٹ کے نکلنے پر دھرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ دھرنے والوں کے پریشر کیوجہ سے رپورٹ باہر نکلی ہے۔ عمران خان نے کہا آرٹیکل 18 کے مطابق آزاد اور شفاف الیکشن جمہوریت کی بنیاد ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف بی آر، نگران حکومت، نیب نے بھی ہماری مدد نہیں کی۔ فارم 14 نہیں دیا گیا، تاکہ آر اوز اپنی مرضی کے مطابق رزلٹ بنا لیں، ابھی تک الیکشن کمیشن کی ویب سایئٹ پر فارم 14 کو نہیں ڈالا گیا۔
 
رپورٹ کے مطابق ووٹوں کے تھیلے ایسے تھے جنہیں آسانی سے کھولا جاسکتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق آخری دنوں میں پولنگ اسکیم ہی بدل دی گئی۔ کیا ابھی تک کسی بھی شخص کیخلاف ایکشن لیا گیا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ناقص سیاہی کے استعمال پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور جب ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوگی تو الیکشن سارا فراڈ ہوا۔ ایڈمرل فصیح بخاری نے زرداری کو خط لکھا کہ پری پول رگنگ ہوگی۔ فصیح بخاری نے اپنے خط میں لکھا کہ افتخار محمد چوہدری دھاندلی کروائیں گے۔ عمران خان نے کہا قوم امتحان میں پاس اور حکومتیں فیل ہوتی ہیں، ملک تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور شعور کی بیداری کے بعد اسے دبایا نہیں جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آرٹیکل چھ کے تحت وہ قائم مقام چیئرمین نادرا اور ان کے ساتھیوں کو سزائیں دلوائیں گے۔ انھوں نے دھرنے کے 41 دن پورے ہونے پر شرکاء کو مبارکباد دی۔
خبر کا کوڈ : 411275
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش