0
Thursday 6 Nov 2014 18:34

مسجد اقصٰی پر صیہونی فورسز کی چڑھائی مسلم کمزوری کا نتیجہ ہے، تہور حیدری

مسجد اقصٰی پر صیہونی فورسز کی چڑھائی مسلم کمزوری کا نتیجہ ہے، تہور حیدری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں کارکنوں سے حالات حاضرہ کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر تہور حیدری نے کہا کہ مسجد الاقصٰی پر چڑھائی مسلم کمزوری کا نتیجہ ہے، مسلمانوں کو اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اپنے ازلی دشمن سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مثال خونخوار بھیڑیئے کی سی ہے، وہ کسی بھی وقت معمولی سی بات کو جواز بنا کر مسلمانوں پر وحشیانہ و سفاکانہ حملہ کر دیتا ہے، مسجد اقصٰی پر حملہ ایک دہشت گردانہ فعل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمت کے مہینے میں مظلوم فلسطینیوں پر حملے کرنا اسرائیل نے وطیرہ بنا لیا ہے، ماہ رمضان ہو یا ماہ محرم الحرام، صیہونی فوجیوں کی جانب سے حرمت والے مہینوں میں حملے کرنا ایک سوچی سمجھی دہشت گردی کی کارروائی بن چکی ہے۔ تہور حیدری نے کہا کہ مسجد میں پچاس سال سے کم عمر افراد کے نماز پڑھنے پر پابندی لگا کر اسرائیل نے مسلمانوں سے اپنی ازلی دشمنی ظاہر کی ہے۔  انہوں نے کہا کہ عالم اسلام مسلمانوں کی واجب عبادت پر پابندی پر سراپا احتجاج ہے، عبادت کسی بھی مذہب یا مسلک کا بنیادی اور مذہبی حق ہے، پابندیاں قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں فرقہ واریت کو فروغ جبکہ مسئلہ فلسطین کو دبایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 418252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش