0
Friday 7 Nov 2014 16:30

گومل یونیورسٹی کے مسائل کے حل کی تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوائی ہیں، حامد شفیق

گومل یونیورسٹی کے مسائل کے حل کی تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوائی ہیں، حامد شفیق
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر)حامدشفیق (ہلال امتیازملٹری) نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے طلباء کو لیپ ٹاپ کی فراہمی سے پسماندہ علاقوں کے طلباء میں تحقیق کا رجحان بڑھے گا، جس سے تعلیمی میدان میں ملک ترقی کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گومل یونیورسٹی میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایم فل پی ایچ ڈی سکالرز میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں تعلیمی انقلاب لانے کے حوالے سے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔ اس ضمن میں ہائیر ایجوکیشن کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے نوجوانوں میں تعلیم و تحقیق کاشوق بیدارکرنے کیلئے مفت کمپیوٹرز کی فراہمی اور فیسوں کی معافی جیسے اقدامات سے غریب والدین کے بچے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں اور جب یہ لوگ تعلیمی میدان میں ترقی کرینگے تو اس کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہونگے اور پاکستان میں تعلیمی انقلاب آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت کو تجاویز بھجوائی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ مرکزی حکومت اس مادر علمی کی بقاء اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہاکہ طلباء کو چاہئے کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی پر خدا کا شکر ادا کریں کیونکہ یہ ایک نعمت ہے اور نعمت کی شکر گزاری سے اللہ کی قربت حاصل ہوتی ہے اور اس کے انعامات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی بھی اللہ کی نعمت ہے، اس کے بحران کی وجوہات میں سے ایک وجہ کفران نعمت بھی ہے کیونکہ ہم نے اس مادر علمی کاحق ادا نہیں کیا، جو ہمیں ادا کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے غلط استعمال سے وقتی خوشی حاصل کی جاسکتی ہے مگرحقیقی سکون نہیں ہوتا۔ اسلئے ہمیں حقیقی سکون کیلئے حق اور سچ کاراستہ اختیار کرنا چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 418359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش