0
Monday 15 Sep 2014 23:27

طالبان حملے میں جاں بحق ہونیوالے ایس ایچ او کے بھائیوں کی تدفین کردی گئی

طالبان حملے میں جاں بحق ہونیوالے ایس ایچ او کے بھائیوں کی تدفین کردی گئی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقے روڑا میں ایس ایچ او کلاچی سیف الرحمن کے گھر پر مقامی طالبان نے حملہ کرکے ان کے دو بھائیوں کو قتل کردیا تھا۔ اس حملے میں ایس ایچ او کا ایک بھائی شدید زخمی بھی ہے۔ گومل یونیورسٹی پولیس نے زخمی بھائی کی رپورٹ پر دس مقامی طالبان کمانڈروں کیخلاف قتل، اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدودمیں علاقہ روڑامیں رات 12:15 کے قریب مسلح دہشتگرد تھانہ کلاچی کے ایس ایچ او سیف الرحمن کے گھر داخل ہوئے۔ انہوں نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے وقت ایس ایچ او سیف الرحمن گھر پر موجود نہیں تھے۔ فائرنگ سے ایس ایچ او سیف الرحمن کے بھائی فخر زمان ولد حاجی جمعہ خان بلوچ اور محمداسماعیل موقع پرجاں بحق ہو گئے، جبکہ تیسرا بھائی اصغر خان زخمی ہو گیا۔ دہشتگردوں نے اس موقع پر کہا کہ ایس ایچ او سیف الرحمن نے گزشتہ روز ہمارے ساتھی سلیم عرف شاہ جی کوقتل کیا۔ جس کا بدلہ لینے کیلئے آئے ہیں۔ ہم ایس ایچ او سیف الرحمن کو بھی نہیں چھوڑینگے۔ بعد میں دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے۔ گومل یونیورسٹی پولیس نے زخمی اصغر خان کی رپورٹ پر مقامی طالبان کمانڈروں امین جان عرف ملنگ سکنہ لونی، نوروز عرف ابوبکر، عباس، عمرباز، بہادر، نجیب اللہ، نقیب، ندیم، قاری داؤد اور خالد منصور کیخلاف 302-324-458-7ATA-148-149-PPC کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایس ایچ او کلاچی سیف الرحمن نے کلاچی درابن روڈ نزد مانی دادا قبرستان کے قریب ملنگ گروپ کی طرف سے پولیس پر دہشتگردی کا منصوبہ بنانے والے دو موٹر سائیکل سواروں کو گھیرے میں لیا۔ پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے ایک دہشتگرد سلیم عرف شاہ جی ولد اکبر خان سکنہ لونی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی نوروز عرف ابوبکر ولد مراد سکنہ لونی زخمی ہوگیا۔ جو موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے موٹر سائیکل 125، ایک ایس ایم جی، سولہ کارتوس، دو دستی بم، ایک موبائل اور ڈائری قبضے میں لے لی۔ مارا جانیوالا دہشتگرد کلاچی اور صدر پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔ مذکورہ واقعہ کے بعد مقامی طالبان گروپ نے ایس ایچ او سیف الرحمن کے گھر واقع روڑا میں داخل ہو کر دہشتگردی کی یہ واردات کی۔ بعدا زاں ایس ایچ او کے مقتول بھائیوں کی نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان میں تدفین کی گئی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ڈی پی او ڈیرہ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی، جبکہ زخمی بھائی کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 409863
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش