0
Friday 5 Dec 2014 10:37

جنوبی ایشیا کے اس عظیم خطے میں پائیدار امن کا قائم ہونا محال ہے، جماعت اسلامی کشمیر

جنوبی ایشیا کے اس عظیم خطے میں پائیدار امن کا قائم ہونا محال ہے، جماعت اسلامی کشمیر
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بھارت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے اس بیان جس میں انہوں نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے کر سرحدوں کو ناقابل تبدیل جتلایا ہے کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے، مسئلہ کشمیر کے متعلق اپنے اس مؤقف کو دہراتی ہے کہ یہ مسئلہ ہنوز حل طلب ہے اور جب تک اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل میں پاس شدہ قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کے استصواب رائے کے ذریعے حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیا کے اس عظیم خطے میں پائیدار امن کا قائم ہونا محال ہے اور غیر یقینی صورتحال کے ہوتے ہوئے کوئی علاقہ حقیقی ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا ہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے کہا کہ سرحدیں انسانوں کی قائم کردہ ہیں اور تبدیلیاں ان کی فطرت ہے خاص کر جہاں طاقت کے بل پر کسی لکیر کو نام نہاد سرحد کا نام دے کر، متعلقہ عوام کے حقوق کو غصب کیا جائے نیز اسمبلی یا پارلیمانی انتخابات کے انعقاد سے اس مسئلے کی نوعیت پر کوئی اثر ہوا ہے نہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی اس قسم کا کوئی عمل سیاسی مستقبل سے متعلق عوامی استصواب رائے کا نعم البدل ہوسکتا ہے۔ جنوبی ایشیائی خطے کی حقیقی بھلائی اسی میں ہے کہ ہند و پاک کی حکومتیں کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں سے مل کر اس دیرینہ انسانی مسئلے کا کوئی ایسا مستقل حل تلاش کریں جو عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہو کیونکہ اس بارے میں یہاں کے عوام کو ہی حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جس کا ثبوت سلامتی کونسل کی قرار دادیں ہیں جن پر دونوں ممالک کے اُس وقت کے سربراہوں اور نمائندوں کے دستخط بھی ثبت ہیں۔ جماعت اسلامی بھارتی حکومت کے ذمہ داروں پر زور دیتی ہے کہ وہ ایسے غیر منصفانہ اور خلاف حقیقت بیانات دینے سے احتراز کریں جن سے اگر چہ حقیقت تو بدل نہیں سکتی ہے لیکن یہاں کے محکوم و مظلوم عوام کے دل بری طرح مجروح ہوتے ہیں اور اُن کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچتی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ اس دیرینہ انسانی مسئلے کو یہاں کے عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرانے کی خاطر، کسی مزید تاخیر کے بغیر ضروری اقدامات کرکے، انصاف پسندی اور جمہور نوازی کا برملا اظہار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 423382
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش