0
Monday 15 Dec 2014 19:24
حق نواز قتل کیس میں رانا ثناءاللہ کو جیل میں ڈالا جائے

جو مرضی ہوجائے، انصاف کے بغیر نہیں جائیں گے، عمران خان

جو مرضی ہوجائے، انصاف کے بغیر نہیں جائیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے لاہور میں احتجاجی جلسے سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہوریوں نے ثابت کر دیا کہ 2013ء کا الیکشن دھاندلی کا الیکشن تھا، نواز شریف دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنا دنیا کی تاریخ کا طویل ترین دھرنا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت دھاندلی سے اقتدار میں نہیں آئی تو 4 حلقے کیوں نہیں کھولے گئے، کیوں سردار ایاز صادق چھپتا پھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو نواز شریف حکومت نہیں کرسکیں گے، عوام دیکھ کر نون لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ میڈیا اور خواتین کی حفاظت کریں، ان کو پریشان نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بناؤ یا اقتدار چھوڑ دو، ان دو راستوں کے علاوہ تیسرا کوئی راستہ نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جو مرضی ہوجائے ہم نے انصاف کے بغیر واپس نہیں جانا، یہ قوم جاگ چکی ہے، اس کو شعور آگیا ہے، یہ جان چکی ہے کہ دو جماعتوں نے مل کر اس ملک کو لوٹا ہے، جمہوریت کی آڑ میں مال بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں لیڈر شپ کا محاسبہ ہوتا ہے، ہم نواز شریف اور آصف زرداری کا احتساب کرنے آئے ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ بیدار ہوچکے ہیں اور اب جعلی حکمرانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور کی تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کا بھی شکریہ ادا کرتا، میں میڈیا اور نوجوانوں کا بھی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمان سے کہتا ہوں کہ اپنے میڈیا کو غلط استعمال نہ کریں، میر شکیل کی وجہ سے اس کے ورکرز پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر صحافیوں کو ان کے حقوق دلائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم رانا ثناء اللہ کو جیل میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہیں ،یہ حق نواز کا قاتل ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اسے سزا مل جاتی تو ہمارا کارکن حق نواز قتل نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حق نہ ملا تو ہمارا اگلا پلان سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں صاف اور شفاف الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو قرضے لے رہا ہے ہم اس کی جیب سے واپس کرائیں گے۔ عمران خان نے اپنے خطاب کے آخر میں گو نواز گو کے نعرے بھی لگوائے۔
خبر کا کوڈ : 425862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش