0
Tuesday 23 Dec 2014 20:16

دہشتگردی کا شکار بےگناہوں کے خون کا حساب لیا جائے گا، سیاسی و عسکری قیادت کا عزم

دہشتگردی کا شکار بےگناہوں کے خون کا حساب لیا جائے گا، سیاسی و عسکری قیادت کا عزم
اسلام ٹائمز۔ ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع اور دہشت گردوں سے بےگناہوں کے خون کا حساب لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری نثار نے سیاسی و عسکری قیادت کو دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے لئے کمیٹی کی شفارشات پر اعتماد میں لیا۔ اجلاس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے جب کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے علاوہ ملک کے ہر کونے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے شدت پسندی اور انتہا پسندی کے سدباب پر بات چیت کے لیے کل جماعتی کانفرنس طلب کر لی ہے جس میں عمران خان کی شرکت کا تحریک انصاف نے بھی اعلان کر دیا ہے جبکہ کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان کی حتمی منظوری متوقع ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ کانفرنس بدھ کو دن گیارہ بجے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی جس میں دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں قائم کی گئی قومی ایکشن پلان کمیٹی کی سفارشات پر غور کے بعد ان کی منظوری بھی دی جائے گی۔

نیشنل ایکشن پلان میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں کو دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں جس پر پاکستان تحریک انصاف نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تشکیل دیئے گئے ایکشن پلان پر شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم اقدا مات تجویز کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایک آل پارٹیز کانفرنس چند دن قبل پشاور میں ہوچکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 427686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش