0
Thursday 19 Feb 2015 14:47

گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گئی تو وزیراعظم کیخلاف نیا پنڈورا بکس کھلے گا، خورشید شاہ

گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گئی تو وزیراعظم کیخلاف نیا پنڈورا بکس کھلے گا، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے پرامید ہوں۔ ہم چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف پارلیمنٹ میں واپس آکر کردار ادا کرے، حکومت پر پہلے ہی دھاندلی کا دھبہ لگا ہوا ہے اگر گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گئی تو یہ الزام ثابت ہو جائے گا۔  گلگت بلتستان میں دھاندلی سے مسلم لیگ نواز کو کچھ نہیں ملے گا، وہ دھاندلی کر کے گلگت بلتستان انتخابات کو متنازعہ نہ بنائے۔  وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں جس سے ملک کو نقصان ہو ۔ وزیراعظم نے میرے کسی خط کا تاحال جواب نہیں دیا، ہم نے حکومت نہیں جمہوریت، سسٹم،  آئین،  قانون اور پارلیمنٹ کو بچانے کیلئے اسے ملٹی وٹامن کی بڑی خوراک دی تھی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھ سے ایک وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ آپ نے ہماری حکومت بچائی تھی لیکن ہم سے اچھی امید نہ رکھنا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کبھی ٹیکسوں میں اضافہ کرتی ہے تو کبھی پاکستان چین اقتصادی راہداری کا روٹ بدل دیتی ہے، سمجھ نہیں آتا حکومت اتنے پنگے کیوں لے رہی ہے۔ روٹ تبدیل کرنے سے دونوں صوبے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک وفاقی وزیر کو گورنر بنایا گیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان میں انتخابات سے پہلے دھاندلی کرنے جا رہی ہے، نگران حکومت میں 10 میں سے 7 وزیر مسلم لیگ (ن) کے لئے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کا تعلق بھی مسلم لیگ نواز سے ہے۔ مسلم لیگ (ن) گذشتہ انتخابات کے دھاندلی کے الزامات سے عمران خان سے جان نہیں چھڑا سکی۔ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے گورنر کو غیراخلاقی طریقے سے ہٹایا گیا۔ اخلاقی تقاضا تھا کہ گورنر کو بتایا جاتا۔ وزیر کو گورنر بنانا قانونی طور پر غلط ہے۔ ہم نے قمر زمان کائرہ کو گلگت بلتستان کا گورنر اس وقت بنایا تھا جب وہاں شروعات تھی جب سسٹم بن گیا تو ہم نے خاتون کو گورنر بنایا۔ ان کی وفات کے بعد منظور وٹو کو گورنر نہیں بنایا بلکہ گلگت بلتستان کا شہری گورنر بنایا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ چکا ہوں لیکن جواب نہیں آیا۔ دھاندلی سے انہیں کچھ نہیں ملے گا۔ گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گئی تو وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایک اور پنڈورا بکس کھل جائے گا۔ میں مسلم لیگ (ن) سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نظام کو اپنے منشاء کے مطابق نہ چلائیں، ایسے حالات پیدا نہ کریں جس سے ملک اور جمہوریت کو نقصان ہو۔
خبر کا کوڈ : 441434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش