0
Thursday 26 Feb 2015 08:44

چیف جج گلگت بلتستان کی تقرری، برجیس طاہر منظور نظر فرد لانا چاہتے ہیں، ذرائع

چیف جج گلگت بلتستان کی تقرری، برجیس طاہر منظور نظر فرد لانا چاہتے ہیں، ذرائع
اسلام ٹائمز۔ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جج کی تقرری کے لئے سابق گورنر پیر کرم علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھجوائی گئی سمری موجودہ گورنر برجیس طاہر نے اعتراض لگا کر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو واپس بھجوا دی۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق گورنر پیر کرم علی شاہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری چار ناموں پر مشتمل تھی، جس میں دو نام برجیس طاہر کی خواہش پر شامل کئے گئے تھے۔ پیر کرم علی شاہ نے برجیس طاہر کی جانب سے شامل کئے گئے ناموں کی بجائے ایک مقامی سینئر وکیل اور سابق جج سید جعفر شاہ کو سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان کا چیف جج مقرر کرنے کی سفارش کی، جس پر برجیس طاہر نے اعتراض اٹھایا تھا کہ آپ کسی ایک نام کی سفارش کرنے کی بجائے چاروں ناموں کو اوپن رکھیں، مگر پیر کرم علی شاہ نے برجیس طاہر کی رائے کو رد کرتے ہوئے انہیں یہ جواب دیا تھا کہ گورنر کی جانب سے وزیراعظم کو بھجوائی جانے والی سمری پر اعتراض لگانا اور اسے مسترد کرنا وفاقی وزیر کے دائرہ اختیار میں نہیں، وفاقی وزیر کا اختیار اس معاملہ میں صرف ڈاکئے کا ہے، اس پر وفاقی وزیر اور سابق گورنر میں کافی اختلافات پیدا ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برجیس طاہر کی خواہش پر جو دو نام شامل کئے گئے ان دونوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔ ان میں سے ایک ایڈووکیٹ چوہدری شاہد سعید کا تعلق برجیس طاہر کے آبائی گاوں سے بتایا جاتا ہے۔ جبکہ دوسرا نام ایڈووکیٹ خاور اکرم کا ہے اس وقت ایڈیشنل ایڈووکیٹ پنجاب ہیں۔ ذرائع کے مطابق برجیس طاہر کی کوشش ہے کہ ان دونوں میں سے ایک وکیل سپریم کورٹ ایپلٹ کو جج بن جائے۔
خبر کا کوڈ : 443233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش