0
Thursday 9 Apr 2015 12:47

ملت ایران دباؤ، پابندیوں اور طاقت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی، ڈاکٹر حسن روحانی

ملت ایران دباؤ، پابندیوں اور طاقت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران نے ملکی ترقی کے لئے جب بھی کوئی فیصلہ کیا تو اس نے الحمد للہ اپنے جوانوں اور سائنس دانوں کی محنت و کوشش اور ان کی رات دن کی فداکاری کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ ایرانی صدر نے آج ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی نویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں کہا کہ اس سال ایٹمی ٹیکنالوجی کا دن اسلام کی عظیم خاتون حضرت صدیقہ کبریٰ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے ساتھ ملا ہوا ہے اور یہ دن علم و دانش میں پیشرفت کے راستے میں ملت ایران کے لئے ایک مبارک دن ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران نے ملکی ترقی کے لئے جب بھی کوئی فیصلہ کیا تو اس نے الحمد للہ اپنے جوانوں اور سائنس دانوں کی محنت و کوشش اور ان کی رات دن کی فداکاری کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ ایرانی صدر نے مزید کہا کہ بڑی طاقتوں کے متفق یا مخالف ہونے کا ملت ایران کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ ملت ایران دباؤ، پابندیوں اور طاقت کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ آج دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی طاقت یعنی امریکہ ایران کے حقائق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوچکی ہے اور وہ اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ اسلامی جمہوری نظام کو سرنگوں یا تبدیل نہیں کیا جاسکتا ہے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں ایک موثر ملک کے طور ایران سب کے نزدیک قابل احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے چودہ برس تک استقامت کی اور اس کے ایٹمی سائنسدانوں نے علمی طاقت اور سفارتکاروں نے سیاسی طاقت کے ساتھ ملت ایران کو مضبوط بنایا۔ ایرانی صدر نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران کا دنیا والوں سے یہ کہنا ہے کہ اعتدال کے راستے، گفتگو اور امن و استحکام کی منطق نے پابندیوں کی منطق پر غلبہ حاصل کر لیا ہے اور دنیا ملت ایران کی عزت کرنے کے راستے پر چل پڑی ہے اور اس نے پابندیوں اور دباؤ کے راستے سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ ایٹمی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب میں ایرانی صدر کی موجودگی میں تین ریڈیو میڈیسنز کی رونمائی کی گئی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ایٹمی فیول راڈ اور ماحولیات سے متعلق ایک پراڈکٹ کی بھی رونمائی کی۔ ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کی مسلسل کامیابیاں ایٹمی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر دوسری مصنوعات کی تیاری پر منتج ہوئی ہیں۔ ان مصنوعات میں سے مختلف طرح کی ریڈیو میڈیسن اور ایٹمی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بیماریوں سے پاک زرعی اجناس کی پیداوار کی جانب اشارہ کیا جاسکتا ہے۔ ایرانی محققین نے ریڈیو میڈیسن کی تیاری اور ایٹمی طبی مراکز کے قیام کے ذریعے ایران میں صحت عامہ کی سطح کو بہتر بنانے میں اہم قدم اٹھایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 453149
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش