0
Thursday 25 Aug 2016 18:02

پیپلز پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والے کونسلرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے، نثار کھوڑو

پیپلز پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والے کونسلرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے، نثار کھوڑو
اسلام تائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والے کونسلرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے، میئرز اور چیئرمینز کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ سندھ کے وزیر خوراک و پارلیمانی امور اور پیپلز پارٹی کو آرڈی نیشن کمیٹی سندھ کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں نو منتخب میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں سندھ کے لوگوں کی خدمت کرنے، سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی توانائیاں اور صلاحیتوں کو استعمال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والے پی پی کونسلرز کے بارے میں تحقیقات ہورہی ہے اور ایسے کونسلرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ کے دارالخلافہ کراچی کے ضلع کونسل اور دونوں ڈی ایم سیز میں پی پی کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ پی پی کراچی سے کشمور تک، گاؤں سے شہر تک عوام میں مقبول اور نمائندہ جماعت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں نو منتخب نمائندے اپنے جوش و جذبے سے عوام کی خدمت کرنے والی پارٹی کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے علاقوں میں لوگوں کی سماجی اور بنیادی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ہے، سندھ حکومت چاہتی ہے کہ بلدیاتی اداروں کے نومنتخب نمائندوں کو قانون کے مطابق اختیار استعمال کرتے ہوئے آگے آنا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 563148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش