0
Monday 14 Mar 2011 09:27

رحمان ملک کی لندن میں الطاف حسین سے ملاقات،متحدہ کے تمام جائز تحفظات ہنگامی بنیادوں پر دور کرینگے، رحمن ملک کی یقین دہانی

رحمان ملک کی لندن میں الطاف حسین سے ملاقات،متحدہ کے تمام جائز تحفظات ہنگامی بنیادوں پر دور کرینگے، رحمن ملک کی یقین دہانی
لندن:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے لندن میں متحدہ کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمان ملک اور الطاف حسین کی ملاقات میں محمد انور، انیس ایڈووکیٹ، طارق میر اور قاسم علی رضا بھی موجود تھے۔ بات چیت دو گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران ملک کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، رحمان ملک الطاف حسین سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم، ہماری مضبوط اتحادی جماعت ہے، جس نے ہر کڑے اور مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ میں وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے کارکن کی حیثیت سے الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کے ارکان کو یقین دلاتا ہوں کہ ہماری نیت ٹھیک ہے اور ہم ایم کیو ایم کے تمام جائز تحفظات ہنگامی بنیادوں پر دور کریں گے۔ انہوں نے اتوار کو لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے تفصیلی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد انور، طارق میر، انیس احمد ایڈووکیٹ اور قاسم علی رضا بھی شریک تھے۔
وزیر داخلہ رحمن ملک نے مزید کہا کہ وہ پاکستان پہنچتے ہی صدر مملکت سے ملاقات کریں گے اور مجھے قوی یقین ہے کہ پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کا اتحاد ملک وقوم کے مفاد میں جاری رہے گا، ہم ماضی کی طرح تمام تر رکاوٹوں اور اندرونی و بیرونی سازشوں کے باوجو د آپس میں مل کر ان رکاوٹوں کو دورکرتے رہیں گے۔ تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے الطاف حسین کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش، صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی غیریقینی صورتحال، گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور وفاقی وزیربرائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کے بہیمانہ قتل، صوبہ سندھ میں دیہی و شہری تفریق پیدا کرنے کی سازش، سندھ بالخصوص کراچی میں مختلف گروپوں کی جانب سے بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کی وارداتوں کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ 
رحمن ملک نے الطاف حسین سے کہا کہ آج آپ کے والد کی برسی ہے اور آپ نے ملاقات کیلئے وقت نکالا جس پر میں آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ملاقات کے دوران الطاف حسین نے رحمن ملک کو ایم کیو ایم کے ساتھ حکومت کے رویے کے حوالے سے رابطہ کمیٹی کے ارکان اور کارکنان کے تحفظات کی تفصیل سے آگاہ کیا، جس پر رحمن ملک نے انہیں یقین دلایا کہ وہ تمام تفصیلات من وعن صدر آصف علی زرداری کے گوش گزار کریں گے۔ رحمن ملک نے کہا کہ حکومت، کراچی، صوبہ سندھ اور ملک بھر میں اغواء برائے تاوان، پرچیاں دیکر بھتہ وصول کرنے اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تیزی کے ساتھ سائنسی بنیادوں پر ٹھوس منصوبہ بندی کر رہی ہے اور جلد ہی ملک کو تمام دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر دیا جائیگا اور ایم کیو ایم کے تمام جائز تحفظات ہنگامی بنیادوں پر دور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور حکومت کو بشمول ایم کیو ایم تمام اتحادیوں کا تعاون حاصل رہیگا۔ 
دریں اثناء رحمن ملک نے کہاکہ الطاف حسین ایک مدبر اور دوراندیش رہنما ہیں، ان کی رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور حکومت الطاف بھائی کی رہنمائی میں عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔ الطاف حسین نے کہا کہ رحمن ملک نے ہمیشہ اچھے ثالث کا کردار ادا کیا ہے اور میں ذاتی طور پر ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے۔ الطاف حسین نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور وفاقی وزیر شہباز بھٹی کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے تمام رہنماوٴں سے دلی تعزیت کی۔ اس موقع پر الطاف حسین کے والد نذیر حسین مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 59376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش