0
Friday 18 Mar 2011 11:43

حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، پروفیسر غفور احمد

حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، پروفیسر غفور احمد
کراچی:اسلام ٹائمز-جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو سازش کے تحت رہا کرایا گیا، سازش میں شریک عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے، حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کرا کے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر نصراللہ خان شجیع نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر غفور احمد نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بڑی سے بڑی باطل قوت کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، ریمنڈ ڈیوس کو ایک سازش کے تحت رہا کیا گیا ہے، اس سازش میں شریک عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران امریکا کے غلام ہو سکتے ہیں مگر قوم آزاد اور خودمختار ہے اور وہ کسی ظالم کو ظلم کی اجازت نہیں دے گی، انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس نے دو پاکستانیوں کو قتل کیا تھا اسے رہا کر کے حکمرانوں نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
محمدحسین محنتی نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کو امریکا کا غلام بنا دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان آزاد اور خودمختار نہیں یہاں امریکا کا حکم چلتا ہے۔ ریمنڈ ڈیوس کو جس طرح رہا کیا گیا وہ انتہائی شرمناک ہے، پوری قوم کو دھوکا دیا گیا، جج کو خرید کر اور لواحقین کو یرغمال بنا کر معاملات طے کئے گئے، ریمنڈ کی رہائی میں پنجاب اور وفاقی حکومت برابر کی شریک ہے۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ ملک پر انجمن غلامان امریکا کی حکمرانی ہے اوریہ غلام حکمران قوم کو بھی غلامی پر مادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پوری قوم کے جذبات کو مجروح کیا ہے، انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ نصراللہ خان شجیع نے کہاکہ چہرے بدل رہے ہیں مگر نظام جوں کا توں برقرار ہے، کل پرویز مشرف امریکا کی چاکری کر رہے تھے اور آج زرداری، کیانی، گیلانی، اسفند یار ولی، شریف برادران، چوہدری برادران، الطاف حسین امریکا کی چاکری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس جیسے سینکڑوں سی آئی اے کے اہلکار پورے ملک میں دندناتے پھر رہے ہیں، مگر کوئی ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا۔

خبر کا کوڈ : 60231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش