0
Sunday 3 Apr 2011 10:39

قذافی حکومت نے جنگ بندی کیلئے انقلابیوں کی پیشکش مسترد کر دی، لیبیا پر کروز میزائلوں اور جنگی طیاروں سے حملے آج سے بند کر دیں گے، رابرٹ گیٹس

قذافی حکومت نے جنگ بندی کیلئے انقلابیوں کی پیشکش مسترد کر دی، لیبیا پر کروز میزائلوں اور جنگی طیاروں سے حملے آج سے بند کر دیں گے، رابرٹ گیٹس
طرابلس:اسلام ٹائمز۔ لیبیا میں قذافی حکومت نے انقلابیوں کی جانب سے مشروط جنگ بندی کی پیش کش مسترد کر دی ہے، لیبیا میں قذافی انتظامیہ نے فائربندی کیلئے انقلابیوں کی شرائط مسترد کر دی ہیں۔ معمر قذافی کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ انقلابی ناممکن نوعیت کی شرائط کے ذریعے ملک میں امن قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، اس لئے ہم اس فائربندی کیلئے رکھی گئی شرائط کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکا نے لیبیا کے خلاف اپنی جنگی کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا البریقا اور اجدابیہ میں شدت کی لڑائی جاری ہے۔ لوگ بڑے پیمانے پر نقل مکانی کر رہے ہیں۔ اتحادی افواج بھی مسلسل فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں بریجا میں بمباری سے مزید 6 شہری مارے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیائی حکومت نے انقلابیوں  کی طرف سے جنگ بندی کی پیشکش پر ردعمل میں اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری فوج اپنے زیر کنٹرول علاقوں کو خالی نہیں کرے گی جس کے بعد لیبیا میں صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کیلئے عالمی سفارتی کوششوں کے کامیاب ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔
لیبیا کے ترجمان موسیٰ ابراہیم نے کہا ہے کہ انقلابی مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہم اپنے شہروں سے نکل جائیں ہم ہرگز ایسا نہیں کریں گے اس دوران لیبیا کے شہروں اجدابیہ اور البریقا میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگ شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ دکانیں، بازار بند ہیں، جھڑپوں میں فریقین کی جانب سے راکٹ لانچرز، توپوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ اتحادی افواج کی جانب سے بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے اتحادی طیاروں نے خومس، بریجا، طرابلس، اروجبان اور دیگر علاقوں میں شدید بمباری کی ہے جہاں لیبیائی فوج کا کنٹرول ہے۔ ادھر امریکی وزیردفاع رابرٹ گیٹس نے کانگریس کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا پر کروز میزائلوں اور جنگی طیاروں سے حملے آج سے بند کر دیں گے، تاہم برطانیہ، فرانس اور ناٹو کو اپنے بل بوتے پر یہ کارروائیاں جاری رکھنا ہوں گی۔ امریکی فوجی لیبیا کی سرزمین پر کسی کارروائی میں شریک نہیں ہوں گے۔ ایڈمرل مائیک نے اعتراف کیا کہ قذافی کی فورسز بدستور طاقتور ہیں، اتحادی ممالک نے معمر قذافی کی فوج کو کم تر سمجھا تھا۔ 
خبر کا کوڈ : 62789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش