0
Monday 18 Apr 2011 00:44

ڈورون حملوں سے امریکہ نے پاکستان کی سالمیت کو کچل کر رکھ دیا ہے، سیاسی و مذہبی رہنما

ڈورون حملوں سے امریکہ نے پاکستان کی سالمیت کو کچل کر رکھ دیا ہے، سیاسی و مذہبی رہنما
لاہور:اسلام ٹائمز۔امریکہ کی طرف سے پاکستان میں ڈرون حملے اور سی آئی اے کے آپریشن جاری رکھنے پر پاکستان کی دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ "اسلام ٹائمز" سے بات کر تے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ امریکہ کے ڈرون حملے جاری رہنا اور ڈھٹائی سے انہیں جاری رکھنے کا اعلان کرنا حکومت پاکستان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈورون حملوں سے امریکہ نے پاکستان کی سالمیت کو کچل کر رکھ دیا ہے اور حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے بلکہ اپنے اقتدار کو دوام پہنچانے کے لئے امریکہ کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔ ایسے حکمرانوں کو پاکستان میں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بہت جلد ان حملوں کے حوالے سے اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی۔
جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ نے کہا سی آئی اے نے ڈرون حملے جاری رکھنے کا بیان دے کر پاکستانی قوم کی تذلیل کی ہے،کیونکہ ایک طرف تو وہ پاکستان پر ڈرون حملے کر کے معصوم پاکستانی شہریوں کا قتل کر رہے ہیں اور دوسری طرف ایسے بیان دے کر پاکستانی وقار کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں، اور امریکی اخبارات نے جو پاکستانی حکومت کے بارے میں لکھا ہے کہ یہ ڈرون حملے پاکستانی حکومت کی اجازت سے ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں اب ہماری حکومت کو منافقانہ پالیسی ختم کر دینی چاہیے۔ اور پاکستانی حکومت ڈرون حملے روکنے کے لئے کوئی جامع خارجہ پالیسی مرتب کرے۔
جماعةالدعوة پاکستان کے سیاسی امور کے سربراہ پروفیسرحافظ عبدالرحمن مکی نے اس حوالے سے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت و خودمختاری پر حملہ ہیں سی آئی اے کے دوٹوک اعلان کے بعد حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم امریکی اتحاد سے باہر نکل آئیں اور امریکہ پر صاف واضح کر دیا جائے کہ وہ پاکستان میں ڈرون حملے اور سی آئی اے کے آپریشن فی الفور بند کرے وگرنہ بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امریکی دھمکیوں کی پرواہ نہ کرے، قومی، دینی و سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر جراتمندانہ موقف اختیار کرے۔
پاکستان پر ڈرون حملے جاری رکھنے کے سی آئی اے کے بیان کے ردعمل پرجمعیت علماءاسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ امریکہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ڈرون حملوں سمیت پاکستان پر دباﺅ کی پالیسی نہیں چھوڑے گا اور بے گناہ لوگوں کو مارنے کے حوالے سے کسی قانون ضابطے کی کوئی پرواہ نہیں کرے گا، اب حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ مولانا حیدری نے کہا حکومت ملکی مفاد میں پالیسیاں مرتب کرے اور پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے مطابق خارجہ پالیسی مرتب کرے اور سابقہ پا لیسیوں سے جان چھڑائے۔
خبر کا کوڈ : 65946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش