0
Thursday 5 May 2011 14:39

پاکستان مزید اقدامات کرے،اسکی سرزمین پر اسامہ کیخلاف آپریشن کا جواز موجود تھا، نیٹو

پاکستان مزید اقدامات کرے،اسکی سرزمین پر اسامہ کیخلاف آپریشن کا جواز موجود تھا، نیٹو
برسلز:اسلام ٹائمز۔ نیٹو نے ایبٹ آباد میں پاکستانی سرزمین پر القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی سپیشل فورسز کے آپریشن کو جائز قرار دیتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں مزید پیشرفت دکھائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل فوگ راسموسین نے کہا کہ ہم دہشت گرد اور انتہا پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کے لئے پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں، ابھی مزید پیشرفت کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے ہمیں پاکستانی حکومت اور فوج کے ساتھ موثر تعاون جاری رکھنا ہو گا۔ پاکستان اور نیٹو کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے کے لئے مسلسل رابطے ضروری ہیں، افغانستان کے مسئلے کا طویل مدتی حل یقینی بنانے کے حوالے سے بھی پاکستان کے ساتھ مثبت رابطوں کی ضرورت ہے، ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد پاکستان کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کی ہماری حکمت عملی تبدیل نہیں ہو گی، اسامہ ہزاروں معصوم لوگوں کے قتل عام کا ذمہ دار تھا جس کے خلاف امریکی سپیشل فورسز کی کارروائی کسی صورت بلاجواز نہیں۔
 انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسامہ بن لادن کے خلاف کامیاب آپریشن سے دہشت گردی کے خطرناک نیٹ ورکس کمزور ہوں گے، تاہم انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کی موت کا یہ مطلب نہیں کہ افغانستان میں جنگ ختم ہو گئی ہے۔ میرا پیغام واضح ہے کہ وہاں مشن جاری رکھیں گے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔ دہشت گردی تاحال دنیا بھر کی سلامتی کےلئے خطرہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 70005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش