0
Sunday 15 May 2011 14:28

پاکستان میں جاری دہشت گردی، سیاسی، معاشی، معاشرتی بحران اور فسادات کی جڑ اسرائیل ہے، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان

پاکستان میں جاری دہشت گردی، سیاسی، معاشی، معاشرتی بحران اور فسادات کی جڑ اسرائیل ہے، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان
کراچی:اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت 14 مئی 1948ء یوم نکبہ یعنی فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بہت بڑی مصیبت اسرائیل کی یاد میں احتجاجی و مذمتی پریس کانفرنس کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس سے سابق رکن قومی اسمبلی و مرکزی سر پرست رہنما مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی اور انجمن نوجوانان اسلام کے صوبائی صدر عبد الوحید یونس نے خطاب کیا۔
اس موقع پر مرکزی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 14 مئی 1948ء کو فلسطینیوں کے خون کی جس طرح ہولی کھیلی گئی اس کے بارے میں پاکستان کے عوام کو آگاہ ہونا چاہئیے، ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم دنیا کے سامنے ڈھکے چھپے نہیں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ دنیا کا آزاد میڈیا ان مظالم کو آشکار کرنا تو کجا، ان کے بارے میں گفتگو کرنا بھی گوارا نہیں کرتا، آخر کیوں تریسٹھ برسوں سے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر صہیونی غاصب ریاست اسرائیل نے مظالم روا رکھے ہوئے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے؟ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین کے حل میں ناکام ہو چکی ہے، لہذٰا اسے تحلیل ہونا چاہئیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی، سیاسی ،معاشی، معاشرتی بحران اور فسادات کی جڑ اسرائیل ہے، ان کا کہنا تھا کہ 14مئی 1948ء تاریخ کا بدترین دن ہے جسے فراموش نہیں کر سکتے، عالمی استعمار امریکہ اور برطانیہ کے جرائم کا نتیجہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل ہے، اسرائیل کی نابودی ناگزیر ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے تریسٹھ سالہ مظالم جو کہ خونی، غیر انسانی اور ظالمانہ ہیں کے پس پشت امریکا اور اہل مغرب کی بالعموم حمایت حاصل رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو امریکی و برطانوی حمایت حاصل نہ ہوتی تو مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس صہیونیوں کے قبضہ میں نہ ہوتا، رہنماؤں نے کہا کہ اب وہ وقت زیادہ دور نہیں کہ جب عرب ممالک میں چلنے والی اسلامی بیداری کی تحریکیں انبیاء کی سرزمین فلسطین کی آزادی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی پر منتج ہوں گی۔ رہنماؤں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ فلسطین و القدس کی آزادی کے لئے تحریک کا اعلان کریں، پاکستان عوام ان کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیل شر مطلق ہے اس سے کسی بھی قسم کی خیر کی امید کرنا بے وقوفی ہے، پاکستان عوام غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو تسلیم نہیں ہونے دیں گے۔
رہنماؤں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں اور بالخصوص پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں میں صرف اور صرف اسرائیل ملوث ہے، دنیا کو چاہئیے کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات روا رکھنے سے گریز کرے، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی، معاشی اور امن وامان کے حوالے سے تمام مصائب کا ذمہ دار امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے منشور میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور صہیونی غاصب ریاست اسرائیل کے خلاف نفرت کو شامل کریں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا عملی ثبوت دیں۔
اس موقع پر رہنماؤں نے معروف فلسطینی رہنما کی صہیونی افواج کے ہاتھوں غیرقانونی اور بلا جواز گرفتاری کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عدنان ابو تبانہ سمیت تمام فلسطینی اسیروں کو اسرائیلی جیل خانوں سے رہا کیا جائے، رہنماؤں نے فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس اور الفتح کے درمیان مفاہمتی معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے اسے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا پیش خیمہ قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 72031
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش