0
Wednesday 1 Jun 2011 16:14

آئی ایس آئی کے چند اہلکار شدت پسندوں سے تعاون کر رہے تھے، ہلیری کلنٹن

آئی ایس آئی کے چند اہلکار شدت پسندوں سے تعاون کر رہے تھے، ہلیری کلنٹن
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ایک خفیہ مراسلے میں کہا کہ آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے والے کچھ اہلکاروں نے شدت پسند گروہوں سے تعاون جاری رکھا ہوا ہے، جس سے علاقائی سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایک برطانوی اخبارمیں شائع ہونے والا خفیہ امریکی مراسلہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے دسمبر دو ہزار نو کو مختلف امریکی سفارت خانوں اور ناظم الامور کو بھیجا تھا۔ مراسلے کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارت خانے کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ حکومت پاکستان سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کاروائی شروع کرنے اور ممبئی بم حملوں کے الزام میں ملوث لشکر طیبہ پر پابندیاں لگانے پر بھی زور دے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ یوں تو آئی ایس آئی کے سینئر حکام شدت پسند گروہوں کی حمایت سے صاف انکار کر چکے ہیں لیکن ان میں سے کچھ اب بھی طالبان اور لشکر طیبہ سمیت کئی انتہا پسند تنظیموں سے تعلقات قائم رکھے ہوئے ہیں۔ یہ تنظیمیں پاکستان میں پناہ حاصل کرنے کی مسلسل کوشش کے ساتھ یہاں موجود خیراتی اداروں، این جی اوز اور مدرسوں کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ مراسلے کے مطابق اسلام آباد میں موجود امریکی سفارتکاروں کو یقین ہے کہ پاکستانی لیڈرشپ افغانستان اور کشمیر میں جہادی گروہوں کی پرورش کے بعد اب رفتہ رفتہ ان کی حمایت سے ہٹ گئی ہے۔ تاہم انہیں شک ہے کہ نچلے درجے کے اہلکار اب بھی ان گروہوں سے رابطے میں ہیں۔

خبر کا کوڈ : 76089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش