0
Thursday 2 Jun 2011 09:50

ہمیں بدنام نہ کیا جائے،میڈیا ذمہ داری کا ثبوت دے،سلیم شہزاد سے ملاقات انتہائی شائستہ اور دوستانہ ماحول میں ہوئی تھی، آئی ایس آئی

ہمیں بدنام نہ کیا جائے،میڈیا ذمہ داری کا ثبوت دے،سلیم شہزاد سے ملاقات انتہائی شائستہ اور دوستانہ ماحول میں ہوئی تھی، آئی ایس آئی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ آئی ایس آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافی سلیم شہزاد کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم کو تشویش ہے، لیکن اس واقعے کو ملک کی سیکیورٹی ایجنسی کو بدنام کرنے کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ بدھ کو اے پی پی کی جانب سے جاری بیان میں آئی ایس آئی کے ایک اہلکار کے حوالے سے ادارے کا موقف پیش کیا گیا ہے، تاہم آئی ایس آئی کے اس اہلکار کا نام نہیں دیا گیا جس کی جانب سے بیان دیا گیا ہے۔ آئی ایس آئی نے کہا ہے کہ صحافی سلیم شہزاد اور آئی ایس آئی کے شعبہ تعلقات کے اہلکاروں کے درمیان جس ملاقات کا ذرائع ابلاغ میں ذکر ہو رہا ہے اس میں کوئی منفی بات نہیں ہوئی تھی۔ بیان کے مطابق مذکورہ ملاقات 17 اکتوبر 2010ء کو ہوئی تھی جس میں 15 اکتوبر کو ایشیا آن لائن میں شائع ہونے والی سلیم شہزاد کی ایک خبر کے بارے میں بات کی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں سے رابطہ رکھنا آئی ایس آئی کے تعلقات کے شعبے کے فرائض میں شامل ہے۔ اس طرح کی ملاقاتوں کا اصل مقصد صحافیوں کو قومی سلامتی کے امور کے بارے میں درست معلومات سے آگاہ کرنا ہے۔
آئی ایس آئی کے اہلکار نے کہا کہ آئی ایس آئی اس بات کو بھی یقینی بناتی ہے کہ اداروں اور افراد دونوں کو ان کے بارے میں ملنے والی دھمکیوں سے بھی آگاہ کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلیم شہزاد کی ہیومن رائٹس واچ کے رکن علی حسن دایان کے نام سے جس مبینہ ای میل کی بنیاد پر آئی ایس آئی کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں اس میں کسی واضح یا چھپی ہوئی دھمکی کا ثبوت نہیں ملتا۔ اہلکار نے بیان میں مزید کہا کہ سلیم شہزاد نے خود لکھا ہے کہ ملاقات انتہائی شائستہ اور دوستانہ ماحول میں ہوئی تھی اور ملاقات کے دوران کسی بھی مرحلے پر کوئی بدمزگی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ ذرائع ابلاغ کا ایک حصہ اس واقعے کو بنیاد بنا کر آئی ایس آئی کو بدنام کر رہا ہے۔ ملک کے حساس اداروں کے خلاف سلیم شہزاد کے قتل میں ملوث ہونے جیسے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں۔ کسی ثبوت کی عدم موجودگی میں اور جب معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے، اس طرح کے الزامات ذرائع ابلاغ کی طرف سے غیر پیشہ ورانہ رویے کے مترادف ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کرتی ہے، اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ اس گھناونے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اہلکار نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ذرائع ابلاغ کو بھی قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اسے آئی ایس آئی کے خلاف ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کرنا چاہیے جن کا مقصد جان بوجھ کر اس کو پاکستان کے عوام کی نظروں میں بدنام کرنا ہے۔

خبر کا کوڈ : 76234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش