0
Monday 10 Jun 2019 18:32

پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی و بیروزگاری کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، مجاہد چنا

پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی و بیروزگاری کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، مجاہد چنا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان، پانچ سال مل گئے تو پاکستان کا بہتر چہرہ سامنے لائیں گے، پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے چند ماہ میں ہی مہنگائی و بیروزگاری کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، اپنے تمام تر دعوؤں کے برعکس بے تحاشا قرضے لیکر ملک و قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا ہے، روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اڑان نے حکومت کی نااہلی کو عیاں کر دیا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی چند ماہ کی کارکردگی میں ملک و قوم کا یہ حال ہے، تو پھر پانچ سالوں میں ملک و قوم کا کیا حشر ہوگا۔ اپنے بیان میں مجاہد چنا نے کہا کہ خارجہ پالیسی کا یہ حال ہے کہ بھارتی وزیراعظم آئے روز پاکستان کو دھمکیاں دیتا ہے، او آئی سی کے اجلاس میں کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا گیا، جس کیلئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور کشمیر کے بغیر پاکستان کو نامکمل قرار دیا تھا۔

مجاہد چنا نے کہا کہ وزیر خارجہ کا بیان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے مہنگائی، بیروزگاری اور توانائی بحران کے خاتمے کے دعوے کی طرح قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے بھی تاحال کچھ پیشرفت نہیں کی، قوم کی بیٹی آج بھی امریکی قید میں ہے، کمر توڑ مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالیہ واقعات بھی تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اقتصادی سروے رپورٹ نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، مہنگائی بڑھنے اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی حکومت قوم سے کئے گئے وعدؤں کے مطابق مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 798754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش