0
Tuesday 3 Sep 2019 11:35

فیسیں بڑھائے بغیر کے آئی یو کو چلانا ناممکن ہو چکا ہے، وائس چانسلر

فیسیں بڑھائے بغیر کے آئی یو کو چلانا ناممکن ہو چکا ہے، وائس چانسلر
اسلام ٹائمز۔ وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی یا صوبائی حکومت سے اگر پچیس ملین کی گرانٹ مل جائے، تو فیسوں میں کمی ممکن ہے، فیس بڑھائے بغیر ادارے کو چلانا ناممکن ہے۔ طلبہ و طالبات کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھکاری بن کر تمام فورمز پر گیا، مسائل سب کے سامنے رکھے، ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی، اس وقت پاکستان کے تمام جامعات مالی خسارے کا شکار ہیں، فیس بڑھائے بغیر اب کے آئی یو کو چلانا ناممکن ہو چکا ہے، گذشتہ سال بورڈ علیحدہ ہونے کے باعث ادارے کو سوا کروڑ روپے کا خسارہ ہوا اس کے باوجود بھی ہم نے فیس بڑھائے بغیر اب تک معاملات کو چلایا، قراقرم یونیورسٹی میں جتنی کم فیس ہے اتنی کم فیس ملک کی کسی بھی یونیورسٹی میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت سربراہ فیس بڑھانے کا مجھے بھی ذاتی طور پر دکھ ہے لیکن اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور چارہ نہیں ہے اگر بہت سختی بھی کروں تو چار ملین سے زیادہ بچت نہیں کر سکتا ہوں۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام مسائل کے باوجود اس مرتبہ دو پرانی بسوں کی مرمت کے ساتھ ایک اضافی بس طلبہ کے لئے خریدنے کا ارادہ ہے، اگر طلبہ متفق نہیں ہیں تو وہ بھی منسوخ کردینگے۔ اس کے ساتھ جامعہ میں بہتر تعلیم کی فراہمی کے لئے پی ایچ ڈی اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ معیار تعلیم اور ڈگری کی قدر کو بہتر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم پر کسی قیمت پر بھی سمجھوتہ نہیں کروں گا، مشکلات چاہے جتنی بھی آجائیں ہم نے تعلیمی معیار کو ہر حال میں بہتر بنانا ہے۔ جامعہ کی فیسوں میں کمی کرنے کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو اگلے تین دن کے اندر معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریگی، اس کے بعد بھی اگر طلبہ فیس بڑھانے کے حق میں نہیں ہونگے تو مجبوراً جامعہ کو بند کرنا پڑے گا، کیونکہ جب میرے پاس پیسے نہیں ہونگے تو میں ملازمین کی تنخواہیں کہاں سے لا کر ادا کروں گا، کمیٹی کے فیصلے کے بعد کوشش کر کے طلباء کو ریلیف دینے کی کوشش کرینگے، ورنہ فیسوں میں اضافہ آخری فیصلہ ہے اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 814212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش