0
Monday 4 Jul 2011 15:43
ہم جنس پرستوں کی پارٹی تہذیبی دہشت گردی ہے، جمعیت

حکومت ہم جنس پرستوں کے اجتماع کا نوٹس لے، علمائے کرام کا مطالبہ

ہم جنس پرستوں کا جشن قابل مذمت ہے، حنیف طیب
حکومت ہم جنس پرستوں کے اجتماع کا نوٹس لے، علمائے کرام کا مطالبہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں ہم جنس پرستوں کی تقریب منعقد کرنے پر پاکستان کے مذہبی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے ورنہ شدید احتجاج کیا جائیگا۔ سید منور حسن، پروفیسر ساجد میر، قاری حنیف جالندھری، مولانا فضل الرحیم، مولانا عبدالرؤف فاروقی، لیاقت بلوچ، صاحبزادہ فضل کریم، ثروت اعجاز قادری، مظہر سعید کاظمی، فرید پراچہ اور دیگر نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں اسلام اور ملکی قوانین کے منافی اور عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہیں، امریکی حکمران پاکستان میں ہم جنس پرستی کی بیماری پھیلانا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر کا ہم جنس پرستوں کو حمایت کا یقین دلانا ثابت کرتا ہے کہ امریکہ اس منصوبے کے پیچھے ہے، یہ ڈرون حملوں کے بعد سب سے بڑا حملہ ہے لیکن ماضی کی طرح امریکہ کی یہ کوشش بھی ناکام ہو گی۔ ان رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کرے اور اس تقریب میں شامل افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ 
ہم جنس پرستوں کی پارٹی تہذیبی دہشت گردی ہے، جمعیت
کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے مرکزی جنرل سیکریٹری سمیع الله حسینی نے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی محمد تحسین اور ناظم زون جنوبی حافظ محمد بلال کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے امریکی سفارت خانے میں ہم جنس پرستوں کی پارٹی امریکا کی کھلی تہذیبی دہشت گردی ہے۔ اس کا مقصد پاکستان کے خاندانی نظام کو ختم کر کے بےحیائی و عریانیت کو فروغ دینے اور اسلام سے دور کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے اور اس پر ہماری حکومت کی خاموشی شرمناک ہے۔ طلبہ امریکا کے اس سارے اقدام اور حکمرانوں کے رویہ پر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ 
ہم جنس پرستوں کا جشن قابل مذمت ہے، حنیف طیب
سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور نظام مصطفی پارٹی کے صدر حاجی محمد حنیف طیب نے اسلام آباد کے امریکی سفارت خانے میں ہم جنس پرستوں کا جشن منعقد کرنے کی شدید مذمت کی، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کر کے امریکہ اور اس کے حواری ملک میں انتشار کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام کسی بھی صورت میں ہم جنس پرستی کی اجازت نہیں دیتا اور دنیا کے کسی مذہب میں ہم جنس پرستی کی اجازت نہیں، ہم ایسے کسی بھی امریکی اقدام کو پاکستان میں پنپنے نہیں دیں گے، جو قرآن و سنت کے منافی ہو، امریکہ اگر پاکستان اور پورے عالم اسلام سے خوشگوار تعلقات رکھنا چاہتا ہے تو وہ ایسے مکروہ اقدامات سے گریز کرے۔
خبر کا کوڈ : 82765
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش