0
Monday 25 Nov 2019 20:10

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، معاملہ عالمی سطح پر اُٹھانے کا مطالبہ 

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، معاملہ عالمی سطح پر اُٹھانے کا مطالبہ 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ناروے میں سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک جلانے کے واقعے کی جنتی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، اقوام عالم قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لے، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے، یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی یورپ میں اس قسم کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں، مگر ان کی روک تھام کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا، کچھ قوتیں دنیا کے امن کو تباہ کرنا اور تیسری صلیبی جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں، حکومت پاکستان کی جانب ناروے سفیر کی طلبی اور رسمی احتجاج کافی نہیں بلکہ معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے اور عالمی عدالت میں مقدمہ قائم کیا جانا چاہیے، اس واقعے میں ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجرو ح کیا گیا ہے، اسلام فوبیا پر مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ناروے کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ضلعی سیکرٹری جنرل چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، چودھری خالد منیر ایڈووکیٹ، شیخ اسرار حسین، عبدالرحمن حیدری، فرحال ملک، ڈاکٹر اورنگیزیب شہزاد، قطب جمیل، اسد منیر، شیخ منظور الہی، عمر حیات سیال، خواجہ عبیدالرحمن، معاذ امجد، شیخ قیصر اقبال ودیگر ارکان وکارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو جس انداز میں سبوتاژ کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ریاست مدینہ کے دعویداروں کی جانب سے 24 نومبر کو گورنر ہاوس میں کشمیری عوام کی آزادی کے لیے حکومتی سرپرستی میں میوزیکل نائٹ منعقد کرنے کی کوشش شرمناک فعل ہے، یہ بدبختی کی علامت ہے کہ ایسے حکمران ہم پر مسلط ہو گئے ہیں جنہوں نے قومی حمیت کا جنازہ نکال دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کو حوصلہ دینا چاہتے ہیں یا ان کے زخموں پر نمک پاشی کرنا چاہتے ہیں، حکومت پاکستان کی کشمیری پالیسی اقوام متحدہ میں تقریر سے شروع ہو کر گورنر ہاوس میں میوزیکل نائٹ منعقد کرنے کی کوشش پر ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حکمران کشمیریوں کے لیے عملی اقدامات نہیں کرسکتے، ان کو حوصلہ نہیں دے سکتے، ان کا مقدمہ نہیں لڑسکتے تو خدا کے لیے ان کے جذبات کو مجروح بھی نہ کریں۔ ان شہیدوں کی روحوں کو مت تڑپا جو پاکستان کے پرچموں میں دفنائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران ہر سطح پر ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، 1کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والے لوگوں سے روزگار اور چھت چھین رہے ہیں، معیشت کا برا حال ہے اور ہر طرف تباہ حالی ہے۔
خبر کا کوڈ : 828995
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش