0
Tuesday 5 Jul 2011 11:00

متحدہ کے خدشات دور کئے جائیں،شجاعت پرویز الٰہی، جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعظم گیلانی

ایم کیو ایم سے لاتعلق ہوئے نہ ہی مایوس، وزیراعظم گیلانی
متحدہ کے خدشات دور کئے جائیں،شجاعت پرویز الٰہی، جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعظم گیلانی
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سینئر وفاقی وزیر چوہدری پرویز الٰہی نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں چوہدری برادران نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ ایم کیو ایم کی شکایات کا ازالہ کیا جائے اور حکمراں اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے تمام ممکنہ مواقع کو استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت مفاہمت کی پالیسی کے تحت اتحاد برقرار رکھنے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی جائز شکایات دور کریگی۔ ملاقات میں ق لیگ کے وزراء کو نئے قلمدان دینے، اپوزیشن جماعتوں کے ممکنہ گرینڈ الائنس کی تشکیل اور آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی۔ 
وزیراعظم گیلانی نے کہا حکومت کی مفاہمت کی پالیسی کے تحت اتحاد برقرار رکھنے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی جائز شکایات دور کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ایم کیو ایم اور مسلم کانفرنس سے مفاہمت کرانے کیلئے چوہدری برادران کی خدمات کو سراہا، باالخصوص وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے ملاقات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو متحد رکھنے کے لئے مفاہمت کی پالیسی کو اختیار کرنا وقت کی ضرورت ہے، اس وقت لوگوں کو درپیش اہم قومی ایشوز کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے آزاد کشمیر کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے حکومت کی مفاہمت کی پالیسی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے ایم کیو ایم کی جائز شکایات کا ازالہ کیا جائے اور حکمران اتحاد کو قائم رکھنے کے تمام ممکنہ مواقع کو استعمال میں لایا جائے۔ ایم کیو ایم سے لاتعلق ہوئے نہ ہی مایوس، وزیراعظم گیلانی
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نہ تو ایم کیو ایم سے لاتعلق ہوئے ہیں اور نہ ہی مایوس، وہ پہلے بھی ہمارے دوست تھے اور اب بھی ہم انہیں اپنے دوستوں میں ہی شمار کرتے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے مجوزہ گرینڈ الائنس کے بارے میں وزیراعظم نے معنی خیز لہجے میں انگریزی کی یہ اصطلاح استعمال کی ”ابھی چائے کے کپ اور ہونٹوں کے درمیان خاصا فاصلہ ہے“ وہ منگل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ میں امریکا کے 235 ویں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر وہاں موجود اخبار نویسوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے، وزیراعظم نے کہا کہ ہم دوستوں کو چھوڑا نہیں کرتے دوست دوست ہی رہتے ہیں، جب ان سے کہا کہ آپ کے ایم کیو ایم والے دوست تو ہیں اور جانے کے لئے پر تول رہے ہیں، تو وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس جانے کی باتیں ہو رہی ہیں، وہ بھی تو ہمار دوست ہی ہیں۔
 اپوزیشن کے مجوزہ گرینڈ الائنس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد ہمیشہ مضبوط حکومتوں کے خلاف ہی بنتے ہیں اور ہماری حکومت کیخلاف اتحاد بن رہا ہے تو اس میں پریشانی نہیں بلکہ خوشی کی بات ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف ایک اتحاد بن رہا ہے جو ہماری پالیسیوں پر نگاہ رکھے گا، لیکن اپوزیشن کی طرف سے بنائے جانے والے گرینڈ الائنس اور ایم کیو ایم کے کہیں اور جانے کی خبروں سے متعلق میں ہی کہوں گا ۔ There is a long Distance Between lips & cup of tea وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقف پر قائم ہوں کہ مڈٹرم انتخابات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تقریب میں موجود اطلاعات و نشریات کی وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان اور ایم کیو ایم سے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کے درمیان بھی دلچسپ مکالمہ ہوا، ایک اخبار نویس نے دونوں کی موجودگی میں سوال کیا کہ کیا حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان طلاق ہو گئی ہے تو رشید گوڈیل نے کہا کہ ہماری طرف سے طلاق ہوئی ہے۔

خبر کا کوڈ : 83013
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش