0
Thursday 14 Jul 2011 20:09

بے گناہ عوام پر گولیاں برسانے اور غریب لوگوں کی املاک جلانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، منظور وسان

بے گناہ عوام پر گولیاں برسانے اور غریب لوگوں کی املاک جلانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، منظور وسان
کراچی:اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیرِ داخلہ منظور حسین وسان نے سندھ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن رہیں، بے گناہ عوام پر گولیاں برسانے اور غریب لوگوں کی املاک جلانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، امن صرف پیار و محبت سے قائم ہوگا، ہمیں پرانی باتوں کو بھلانا ہو گا، پریشر کی سیاست سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس واجد علی خان درانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان نے کہا کہ صوبہ سندھ ایک حساس صوبہ ہے جو پہلے ہی مختلف مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایف سی، رینجرز اور پولیس کی مدد سے سندھ کے تمام شہروں کو مانیٹر کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری میڈیا اور صحافی بھائیوں سے گزارش ہے کہ آپ میرے بازو بنیں، مجھے معلوم ہے کہ آپ لوگ بھی پاکستان کے عوام کا درد رکھتے ہیں، کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے سب کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایک بیان پر کتنے ہی گھروں کے چراغ گل کر دیئے گئے، پولیس نے 18 لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
صوبائی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ڈائیلاگ کرنے میں کوئی قباحت نہیں، حکومت فوج کے ذریعے نہیں بلکہ عوام کے تعاون سے امن قائم کرنا چاہتی ہے، کسی کی ذاتی رائے پر اتنا تشدد صحیح نہیں ہے۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ بحیثت وزیرِ داخلہ میرے تمام سیاسی پارٹیوں بشمول ایم کیو ایم سے رابطے ہیں، ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کا نہ صرف ملکی معیشت پر منفی اثر ہوتا ہے بلکہ اگر مزدور گھر سے نِکل ہی نہ سکے تو اس کے بچوں کو کون فاقوں سے بچائے گا، ہم سندھ میں حکومتی رِٹ قائم کرنا چاہتے ہیں جو کہ امن و امان کے لئے بیحد ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرِ داخلہ منظور حسین وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت اور بڑی جماعت ہے، ہم الطاف حسین بھائی کا دِل سے احترام کرتے ہیں بلکہ ملک کی ہر پارٹی کے رہنماﺅں کا بھی احترام کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر ذوالفقار مِرزا نے معافی مانگ لی ہے، اب دیگر پارٹیوں کے دوست بھی وہی رویہ اپنائیں اور انہوں نے جو الفاظ صدر مملکت آصف علی زرداری کے لئے ادا کئے، وہ بھی اپنے الفاظ واپس لیں، ہمیں صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔
خبر کا کوڈ : 85032
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش