0
Tuesday 14 Jul 2020 11:54

موغادیشو، آرمی چیف جنرل یوسف ریج خودکش حملے میں بال بال بچ گئے

موغادیشو، آرمی چیف جنرل یوسف ریج خودکش حملے میں بال بال بچ گئے
اسلام ٹائمز۔ صومالیہ کے آرمی چیف جنرل یوسف ریج دارالحکومت موغادیشو میں ایک خودکش حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ کے مطابق جنرل یوسف ریج کا قافلہ موغادیشو میں جا رہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرانے کی ناکام کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق القاعدہ سے منسلک دہشت گرد گروپ الشباب نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔ صومالیہ کی فوج کے ترجمان کرنل عبدیقانی علی نے کہا کہ جنرل یوسف ریج کا وفد موغادیشو کے ضلع ہودان میں فوجی ہسپتال کے قریب پہنچا تھا کہ حملہ کیا گیا۔
 
انہوں نے کہا کہ بارود سے بھری کار جب وفد کی طرف تیزی سے بڑھ رہی تھی تو آرمی چیف کے گارڈز نے فائرنگ کی, جس کے نتیجے میں بمبار مارا گیا اور کار دھماکے سے اڑ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور ان کے گارڈ محفوظ رہے۔ موغادیشو کی امین ایمبولینس سروس کا کہنا تھا کہ اس کو ایک شہری کی لاش ملی ہے جبکہ نصف درجن افراد زخمی ہوگئے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں کچھ نہیں معلوم نہیں۔ خیال رہے کہ جنرل یوسف ریج کو گذشتہ برس اگست میں 32 سال کی عمر میں آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا، جو ملک کی تاریخ میں کم عمر ترین آرمی چیف ہیں۔

دوسری جانب الشباب کے ترجمان عبدالیاسیز ابو مصعب نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے موغادیشو میں شہادت آپریشن کیا، جس کا نشانہ اعلیٰ سطح کے کمانڈر کا تحفظ کرنے والا وفد تھا۔ خیال رہے کہ صومالیہ میں الشباب کی جانب سے 2008ء سے حملے کیے جا رہے ہیں اور مرکزی حکومت پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ الشباب کے خلاف افریقی یونین کی امن فوج 2011ء سے برسر پیکار ہے اور کئی آپریشن کیے گئے۔ افریقی فوجی اتحاد کی کارروائیوں کے باوجود الشباب گروپ صومالیہ کے کئی علاقوں میں فعال ہے اور بدترین حملے بھی کیے جاچکے ہیں اور خاص کر غیر ملکیوں، سرکاری شخصیات اور عمارتوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 874308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش