0
Wednesday 22 Jul 2020 22:58

کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے 5 دہشتگرد گرفتار، ہٹ لسٹ برآمد

کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے 5 دہشتگرد گرفتار، ہٹ لسٹ برآمد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں سی ٹی ڈی پولیس نے گولیمار سے کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ، گولیاں اور ہٹ لسٹ برآمد کرلی ہے۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اطلاع ملی کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے کارندے بڑی کارروائی کیلئے گولیمار کے علاقے میں موجود ہیں۔ پولیس نے چھاپہ مارکر 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4 پسٹل، ایک کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں برآمد کرلیں، گرفتار دہشتگردوں میں کاظم علی شاہ عرف شاہ جی، محمد ثاقب اختر، عبدالرحمن عرف زبیر، عمیر عرف خلیل اور شہاب عرف چھوٹا عرف صفدر شامل ہیں۔ علی رضا کے مطابق دہشتگردوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کی 6 سے زائد وارداتیں کی ہیں۔ انہیں شہر کا امن و امان خراب کرنے کے لیے جیل میں قید کالعدم لشکر جھنگوی کے کارندے قاسم رشید اور وسیم بارودی ہدایت دیتے تھے کہ کس دن کسے قتل کرنا ہے۔

گرفتار دہشتگردوں نے بتایا کہ حال ہی میں ٹارگٹ کلنگ کی 4 ٹیمیں بنائی گئیں ہیں، یہ چاروں ٹیمیں ایک دوسرے کے رابطے میں نہیں ہیں، چاروں ٹیموں کو جیل سے ہدایات ملتی ہیں اور اس کے مطابق کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ سی ٹی ڈی کے افسر کا کہنا ہے کہ گروپ کے کارندے موبائل فون سمیت کسی بھی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرتے۔ گرفتار دہشتگرد جس گھر میں ٹھہرے ہوئے تھے، وہاں سے ایک ہٹ لسٹ بھی ملی ہے، گرفتار دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔ سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست دہشت گردوں کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر جمیل نے پولیس پارٹی کو اچھی کارگردگی پر نقد انعام اور اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 876003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش