0
Monday 24 Aug 2020 23:16

سوئزرلینڈ، جنیوا میں شامی آئین ساز کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد

سوئزرلینڈ، جنیوا میں شامی آئین ساز کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد
اسلام ٹائمز۔ عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں شامی حکومتی و حکومت مخالف نمائندوں اور سول سوسائٹی کی موجودگی میں شامی آئین ساز کمیٹی کا تیسرا اجلاس ایک مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں موجود مثبت ماحول سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب آئین کی اصلی شقوں پر رائے شماری کا مرحلہ بھی عنقریب شروع ہو جائے گا تاہم اس کمیٹی کے 3 اراکین کے کرونا وائرس کے سبب موت و حیات کی کشمکش مبتلا ہو جانے کے باعث شامی آئین پر مزید گفتگو فی الحال التواء کا شکار ہو چکی ہے۔

دوسری طرف سعودی شاہی رژیم کے ساتھ وابستہ نیوز چینل العربیہ نے بھی اس حوالے سے رپورٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شامی آئین ساز کمیٹی کی کارروائی کے آغاز میں حکومت مخالف گروہ نے شامی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ "ہیئت الوطنی" عنوان پر اعتراض کیا جسے شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیر پیڈرسن (Gir Pederson) کی جانب سے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا گیا کہ اس طرح کے مسائل پر پہلے اجلاس میں اتفاق حاصل کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ شامی آئین ساز کمیٹی کا پہلا و دوسرا اجلاس نومبر 2019ء کی 4 و 8 تاریخ کو منعقد کیا گیا تھا جن میں شریک 3 گروہوں کی طرف سے 15، 15 نمائندوں کا انتخاب کیا گیا تھا جن کی جانب سے نئے شامی آئین کی تدوین یا موجودہ آئین کی تصحیح انجام پانا طے پائی تھی۔ بعدازاں اس کمیٹی کے طریقۂ کار کے بارے منتخب اراکین کے درمیان اختلاف پیدا ہو گیا تھا جس کے باعث گزشتہ عرصے کے دوران اس کمیٹی کا تیسرا جلسہ منعقد نہیں ہو پایا تھا۔

یاد رہے کہ اس نشست میں شرکت کرنے کے لئے شام کے لئے امریکی نمائندے جیمز جیفرے سمیت تمام اراکین کل ہی جنیوا پہنچ گئے تھے جہاں جیمز جیفرے نے شامی حکومت کے مخالفین کے ساتھ ملاقات کر کے اس حوالے سے مفصل گفتگو کی تھی۔ علاوہ ازیں ایران، ترکی و روس کے نمائںدوں کی جانب سے بھی اس اجلاس کے ضمن میں ایک علیحدہ نشست منعقد کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 882256
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش