0
Tuesday 8 Sep 2020 12:46

حکومت بالکل نہیں چاہتی کہ نواز شریف واپس آئیں، سعد رفیق

حکومت بالکل نہیں چاہتی کہ نواز شریف واپس آئیں، سعد رفیق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیرِ ریلوں خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کراچی کے عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں، ان کا کراچی پیکیج صرف اعلان کی حد تک ہی محدود رہے گا، عمران خان پہلے بھی ایسے اعلانات کر چکے ہیں، ان کا کیا ہوا؟۔ لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون اسکینڈل ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں خواجہ برادران خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پیش ہوئے۔ عدالت آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ باتیں کرنے سے نظام نہیں بدلتا، حکومت بالکل نہیں چاہتی کہ نواز شریف واپس آئیں، حکومت کو پتہ ہے کہ نواز شریف واپس آئے تو انہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ نواز شریف واپس آئیں، صرف چورن بیچا جا رہا ہے، نواز شریف کو واپس لا کر سنبھالنا اور جیل میں ڈالنا حکومت کو مشکلات میں ڈال دے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو یہاں کون سا انصاف ملا ہے؟ وہ کیا اس لیے واپس آئیں تاکہ مزید ناانصافی کا سامنا کریں، نواز شریف کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے لیکن نواز شریف کی طبیعت ناساز ہے، رپورٹس موجود ہیں، وہ واپس آئے تب بھی ان کے ساتھ ناانصافی ہی ہونی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اے پی سی اور اس کے نتائج پر ہیں، لوگ حکمرانوں سے تنگ آ گئے ہیں، حکومت کا طرزِ عمل عوام کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اے پی سی کے نتائج عوام کے لیے امید افضا ہوں گے، کے سی آر کا وفاقی بجٹ سے کوئی لینا دینا نہیں، کے سی آر سی پیک کا پراجیکٹ ہے۔ رہنما نواز لیگ نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ڈھانچہ بدلنے کے لیے آئین کے بنیادی ڈھانچے کو بدلنا پڑے گا، حکومت میں یہ استعداد نہیں کہ وہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کو تبدیل کر سکے۔
خبر کا کوڈ : 884977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش