0
Tuesday 27 Oct 2020 19:15

پی ڈی ایم کے جلسے دیکھ کر تقسیم و نامعلوم سرکاری کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں، شیری رحمان

پی ڈی ایم کے جلسے دیکھ کر تقسیم و نامعلوم سرکاری کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں، شیری رحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنماء شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے دیکھ کر تقسیم و نامعلوم سرکاری کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں اور اب اس کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیری رحمٰن نے کہا کہ تباہی سرکار نے صرف تباہی پھیری ہے، دو سال میں یہ ملک کو ایف اے ٹی ایف کی گرے سے نہیں نکال سکے، راتوں رات بنائے گئے غلط قوانین کی وجہ سے آپ ابھی بھی گرے لسٹ میں ہیں، جس کی حکومت کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہیں، لیکن وہ پارلیمان میں تو آئیں، کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کیوں نہیں بلایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے لیکن اس کے بارے میں کوئی بات نہیں کی جا رہی، کیونکہ حکومت نے ہم سب کو بیانیے کی جنگ میں الجھا کر رکھا ہے، یہ تقسیم اور نامعلوم سرکار ہے، جو کمر توڑ مہنگائی کے معاملے پر چُپ ہے، دسمبر تک ملک میں آٹے کا بحران سنگین ہونے والا ہے، چینی بحران پر کمیشن بنا لیکن کچھ نہیں ہوا اور جن کے نام ہیں، کابینہ میں ان کی کرسیاں بدلیں اور وہ باہر چلے گئے۔ شیری رحمٰن نے کہا کہ نیب صرف اپوزیشن کے لیے ہے، حکومت کی بی آر ٹی کی بسیں جلیں نیب کو کوئی فرق نہیں پڑتا، اس پر کوئی انکوائری نہیں ہوگی، پنجاب میں ان کے دوستوں کی ملیں گندم کی ذخیرہ اندوزی کر رہی ہیں، سردیاں آنے سے قبل ہی گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ آسمان پر پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح یہ لوگ کشمیر، خارجہ پالیسی اور ایف اے ٹی ایف معاملات پر غائب ہیں، جس کے بعد سوال تو اٹھتا ہے کہ ملک کو کون چلا رہا ہے، توانائی شعبے کا بحران سنگین ہوچکا ہے، پولیو واپس آگیا ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، چینی و گندم کا بحران ہے، کونسا شعبہ ایسا ہے جس میں بحران نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو بےتوقیر کیا جا رہا ہے، ایوان صدر آرڈیننس فیکٹری بن چکا ہے، غداری کے مقدمے بنانے سے قبل ملک کو چلانے کا کوئی منصوبہ تو بنائیں، ایسا لگتا ہے پر چڑھنے کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم یہ حکومت اب زیادہ وقت نہیں چلے گی۔ رہنما پیپلز پارٹی نے ایک سوال پر کہا کہ پی ڈی ایم کے تین جلسے دیکھ کر حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں اور یہ اپوزیشن اور پارلیمان کو تقسیم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی۔
خبر کا کوڈ : 894352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش